راولپنڈی میں آئیسکو کے 14 ہزار سے زائد اے ایم آئی میٹرز نصب

اتوار 12 مئی 2024 18:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے راولپنڈی میں اب تک تمام ٹیرف کے 14,000 سے زائد جدید ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر (اے ایم آئی) میٹرز کامیابی کے ساتھ نصب کیے ہیں، جو اس کے اپ گریڈیشن اور ڈیجیٹلائزیشن منصوبے میں نمایاں پیش رفت ہے ، منصوبہ جون 2026 تک مکمل ہوجائے گا۔ چیف انجینئر آپریشن آئیسکو محمد اسلم خان نے اتوار کے روز اے پی پی کو 14 اپریل تک دستیاب تازہ ترین اعداد و شمار شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے تحت کمپنی ابتدائی طور پر راولپنڈی سٹی سرکل، راولپنڈی کنٹونمنٹ سرکل اور ٹیکسلا (ڈویژن) میں 9 لاکھ سے زائد اے ایم آئی میٹرز نصب کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ تین سالہ مدتی منصوبہ جون 2026 میں مکمل ہوجائے گا، ایک ٹھیکیدار کی خدمات حاصل کی جاچکی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر تقریبا 700 سے 750 اے ایم آئی میٹر ز لگائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم انہوں نے کہا کہ دوسرے ٹھیکیدار کی خدمات حاصل کرنے کے بعد منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کے لئے روزانہ تقریبا 2000 اے ایم آئی میٹرز لگائے جائیں گے۔

اسلم خان نے بتایا کہ یہ منصوبہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی فنانشل اسسٹنٹ کے ساتھ 89 ملین ڈالر کی لاگت سے چل رہا ہے اور یہ بینک کی فنانسنگ کے تحت بجلی کی تقسیم میں اضافے کے دوسرے سرمایہ کاری پروگرام کا حصہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کے معاہدے پر 3 ستمبر 2022 کو دستخط کیے گئے تھے جبکہ معاہدے کی مؤثریت کی تاریخ جنوری 2023 تھی۔

اسلم خان نے کہا کہ آئیسکو کے ہیڈ آفس اور گجر خان میں مین ڈیٹا سینٹر اور بیک ڈیٹا سینٹر پہلے ہی قائم کیے جا چکے ہیں۔ چیف انجینئر آپریشن آئیسکو نے مزید کہا کہ اے ایم آئی سسٹم پر منتقل ہونے سے بجلی کے میٹروں کی چوبیس گھنٹے نگرانی کے ذریعے ٹرانسمیشن کو منظم طریقے سے کنٹرول کرنے کے ساتھ بجلی چوری کا مستقل خاتمہ ہوگا۔چیف انجینئر نے بتایا کہ یہ ٹیکنالوجی پاور سیکٹر کے نقصانات کو کم کرنے، بلنگ اور ریکوری کے معیار کو بہتر بنانے، بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے اور صارفین کی غلط یا اوور بلنگ کی شکایات کو دور کرنے میں مدد دے گی۔

منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسلم خان نے کہا کہ اے ایم آئی سسٹم میٹر ریڈنگ میں انسانی مداخلت کو ختم کرے گا، کسٹمر سپورٹ میں اضافہ کرے گا، بہتر پیمائش، زیادہ درست بلنگ، کھپت پر کنٹرول کی ڈگری اور آئیسکو کی غیر تکنیکی نقصانات کو کم کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ آٹومیٹک 100 فیصد درست اور بروقت میٹر ریڈنگ سے میٹر ریڈنگ پر آنے والے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔

بجلی چوری، ٹرپنگ، بجلی کی خرابی یا خراب میٹر کی صورت میں ڈیٹا سینٹر میں آٹومیٹڈ اطلاع موصول کی جائے گی اور متعلقہ ایس ڈی او کو مختصر وقت میں اصلاح کی ہدایت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صارفین موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے روزانہ بجلی کی کھپت کی مانیٹرنگ کرکے اپنے بجلی کے بلوں کو کنٹرول کرسکیں گے۔اسلم خان نے کہا کہ ڈیٹا سینٹر سے میٹرز اور ٹرانسفارمرز پر لوڈ کی چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ سے ٹرانسفارمرز، میٹرز جلنے کی شرح اور ادارے کے آپریشنل اخراجات میں نمایاں کمی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔