سعودی عرب میں سنیما ٹکٹوں کی قیمت میں کمی ، فلم بینوں کی تعداد میں 90 فیصد تک اضافہ

پیر 13 مئی 2024 09:50

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) سعودی عرب میں سنیما کے ٹکٹوں کی قیمت میں کمی کے بعد فلم بینوں کی تعداد میں 90 فیصد تک اضافہ ہو اہے۔اردونیوز کی رپورٹ کے مطابق ٹکٹوں کی قیمتیں کم کرنے کے بعد بیشتر افراد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ فلم دیکھنے سنیما گھروں میں آرہے ہیں۔ سنیما سوسائٹی کے سی ای او ھانی الملا نے کہا کہ سعودی فلمیں شائقین میں غیرمعمولی طور پر مقبول ہو رہی ہیں۔

جن سنیماؤں میں مقامی فلموں کی نمائش ہوتی ہے وہ شو ہاؤس فل جاتے ہیں جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ مملکت میں فلم سازی کی صنعت بھی ترقی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنیما ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کے اچھےنتائج برآمد ہوں گے اس کے علاوہ اس شعبے سے ہونے والی آمدنی کے اثرات فلم سازی کی صنعت پر بھی مرتب ہوں گے۔

(جاری ہے)

سنیما سوسائٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مملکت کی سطح پریہ پہلی ایسوسی ایشن ہے جو فلموں کے شعبے سے متعلق ہے اس کے بعد فلم سوسائٹی قائم ہوئی اور دونوں کے اشتراک و تعاون سے اس شعبے کی بہتری کےلیے کام کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوسائٹی کی جانب سے سنیما کے شعبے کو مزید وسعت دینے پر کام کیا جا رہا ہے جس کے تحت نہ صرف سینما کے سیکٹر میں بلکہ فلم سازی کے شعبے میں بھی مقامی اور عالمی طور پر مختلف امور انجام دیئے جا رہے ہیں۔الخبر میں تین ہزارمیٹر مربع رقبے پر سنیما کمپاؤنڈ میں مختلف شعبے بنائے جا رہے ہیں جن میں فلم سازی کے لیے سٹوڈیو اوردیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :