گندم خریداری سکینڈل،وزیراعظم کی پاسکو کے ایم ڈی اورجی ایم کو معطل کرنے کا حکم

وزیراعظم کی زیرصدارت گندم کی طلب و رسد، خریداری کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس، گندم کی خریداری کے عمل کیلئے موبائل ایپلی کیشن تیار کیوں نہیں کروائی گئیں؟،وزیراعظم کا سوال

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 13 مئی 2024 12:26

گندم خریداری سکینڈل،وزیراعظم کی پاسکو کے ایم ڈی اورجی ایم کو معطل کرنے ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 مئی 2024) وزیراعظم شہباز شریف نے گندم خریداری کے عمل میں غفلت برتنے پر پاسکوکے ایم ڈی اور جنرل منیجر پروکیورمنٹ کو معطل کرنے کی ہدایت کر دی، وزیراعظم کی زیرصدارت گندم کی طلب و رسد، خریداری کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔وزیراعظم نے سوال کیا کہ گندم کی خریداری کے عمل کیلئے موبائل ایپلی کیشن تیار کیوں نہیں کروائی گئیں؟شہباز شریف نے کہا کہ گندم کی خریداری کا عمل صاف اور شفاف بنانے کے حوالے سے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔

وزیراعظم نے موبائل فون ایپلی کیشن تیار کرنے کی تاکید کرتے ہوئے پاسکو کے سٹاک کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایات جاری کر دیں۔ کسان کے معاشی تحفظ کیلئے اجناس کی انشورنس کو یقینی بنایا جائے،پاسکو 4 لاکھ میٹرک ٹن اضافی گندم کی شفاف اور موثرطریقے سے خریداری کرے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کسان کا نقصان کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اچھی کارکردگی دکھانے والے پاسکو مراکز اور افسران کا انتخاب کیا جائے گا۔

کسانوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے،حکومت ملک میں غذائی تحفظ کے حوالے سے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔وزیراعظم نے یہ بھی کہناتھا کہ کسانوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے،حکومت ملک میں غذائی تحفظ یقینی بنانے کے حوالے سے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے گندم بحران پر نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری فوڈ سیکیورٹی محمد آصف کو عہدے سے ہٹایا تھاجس کا کابینہ ڈویژن نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا تھا۔ گندم خریداری کے حوالے سے مسائل کے خلاف کسانوں کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج کیا گیا جس پر حکومت نے کسان بورڈ کے صدر رشید منہالہ سمیت 30 سے زائد کسانوں کو گرفتار کرلیاتھا۔