پاکستان جنوبی کوریا کے صنعت، چھوٹے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی ، آئی ٹی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے شعبوں میں تجربے سے استفادہ کا خواہاں ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی جنوبی کوریا کے سفیر سے ملاقات میں گفتگو

پیر 13 مئی 2024 17:21

پاکستان  جنوبی کوریا کے صنعت،  چھوٹے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی ، آئی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے گہرے روابط ہیں،پاکستان کوریا کے صنعت، چھوٹے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی ، آئی ٹی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کےشعبوں میں تجربے سے استفادہ کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جار ی بیان کے مطابق ا ن خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان میں جنوبی کوریا کے سفیر پارک کی جون سے گفتگوکرتےہوئے کیاجنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں جنوبی کوریا کے سفیر نے وزیر اعظم کو کوریا کی قیادت کی جانب سے دوسری مرتبہ وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے جنوبی کوریا کی قیادت کے تہنیتی پیغام کا شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اورجنوبی کوریا کے مابین تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے گہرے روابط ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے 1960 کی دہائی کے اوائل سے ہی اقتصادی ترقی کے لئے تعاون کا آغاز کیا۔ وزیرِ اعظم نے جنوبی کوریا کی معیشت میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے رونما ہونے والی نمایاں تبدیلی کی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جنوبی کوریا کے صنعت، بالخصوص چھوٹے پیمانے کی صنعت کے شعبے کی ترقی ، آئی ٹی شعبے بشمول آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے تجربے سے سیکھنے کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم نے کوریا کی انسانی وسائل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستان سے ہنر مند افرادی قوت کی برآمد میں اضافے کی پیشکش بھی کی۔باہمی طور پر مفید تجارت کو فروغ دینے کے لیے انہوں نے سیول اور اسلام آباد کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلے کی تجویز پیش کی۔ اس حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ وہ کابینہ کے متعلقہ وزراء کو کوریا کی کمپنیوں کی جانب سے موجودہ سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے کوریا کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے کی ہدایت کریں گے۔

وزیراعظم نے صدر یون سک یول کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔جنوبی کوریا کے سفیر نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کوریا کی حکومت کی پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، ثقافت، سیاحت اور عوام روابط میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔\932