روسی صدر نے ماہر معاشیات آندرے بیلوسوف کو نیا وزیر دفاع مقرر کر دیا

پیر 13 مئی 2024 17:29

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ماہر معاشیات آندرے بیلوسوف کو نیا وزیر دفاع مقرر کر دیا۔ روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق حکومت کے ترجمان دمتری پیسکوف کے مطابق سرگئی شوئیگو کو ایک صدارتی حکم نامے کے ذریعے وزیر دفاع کی حیثیت سے ان کی ذمہ داریوں سے فارغ کر کے ان کو روس کی سلامتی کونسل کا سیکرٹری مقرر کر دیا گیاہے اور ان کی جگہ آندرے بیلوسوف کو نیا وزیر دفاع مقرر کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نکولے پیٹروشیف کو سلامتی کونسل کے سیکرٹری کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے اور ان کی اگلی تقرری کا اعلان مستقبل قریب میں کیا جائے گا۔روس کے محکمہ خارجہ کے مشاورتی تجزیاتی مرکز کے سربراہ گریگوری ڈوبرومیلوف نے کہا کہ نئے وزیر دفاع ماہر معاشیات آندرے بیلوسوف کو روسی فوج کو جدید بنانے کا کام سونپا جائے گا۔

(جاری ہے)

بیلوسوف کا اگرچہ کوئی فوجی پس منظر نہیں لیکن وہ ملٹری اکنامکس کے ماہر ہیں ۔سینٹر فار اینالیسز آف سٹریٹیجیز اینڈ ٹیکنالوجیز کے ڈائریکٹر رسلان پخوف نے کہا کہ آندرے بیلوسوف کی بطور وزیر دفاع تقرری کی ایک وجہ اختراعات متعارف کرانے کے لیے ان کا نقطہ نظر ہے کیونکہ مسلح افواج میں نئی ٹیکنالوجیز کا نفاذ ان کے اہم کاموں میں سے ایک ہوگا۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ روسی صدر نے دشمن سے ایک قدم آگے رہنے کے لیے نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کو ترجیح دی ہے۔