نائب وزیراعظم اسحاق ڈارسے چائنہ تھری گارجز کارپوریشن کے ایگزیکٹو نائب صدر اور چائنا تھری گارجز انٹرنیشنل لمیٹڈ کے چیئرمین وو شینگ لیانگ کی ملاقات

منگل 14 مئی 2024 18:47

نائب وزیراعظم  اسحاق ڈارسے چائنہ تھری گارجز کارپوریشن کے ایگزیکٹو ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے چائنہ تھری گارجز کارپوریشن (سی ٹی جی) کے ایگزیکٹو نائب صدر اور چائنا تھری گارجز انٹرنیشنل لمیٹڈ (سی ٹی جی آئی) کے چیئرمین وو شینگ لیانگ نے بیجنگ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم نے حکومت پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالی اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بالخصوص انفراسٹرکچر کی ترقی اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں مواقع کا ایک جائزہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے کروٹ اور جھمپیر سمیت پاکستان میں چائنہ تھری گارجز کارپوریشن کے قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی پاکستان میں نئی حکومت کے ترجیحی شعبوں میں شامل ہے۔ نائب صدر چائنہ تھری گارجز کارپوریشن نے پاکستان کے ساتھ چائنہ تھری گارجز کارپوریشن کی مسلسل وابستگی کا اعادہ کیا اور آزاد جموں و کشمیر میں کوہالہ اور محل ہائیڈرو پاور پراجیکٹس جیسے جاری منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لانے کے عزم کا اظہار کیا۔