غزہ میں اسرائیل کی دہشت گردی جاری، 14 فلسطینی شہید

گزشتہ 24 گھنٹے میں ستاون فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا،مجموعی تعداد35ہزارہوگئی

منگل 14 مئی 2024 21:59

مقبوضہ غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2024ء) غزہ میں اسرائیل کی دہشت گردی جاری ہے اور نصیرات پناہ گزین کیمپ میں مکان پر بمباری سے 14 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔عالمی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں ستاون فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا، فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ کے پچاس سے زائد مقامات پر بمباری کی، شہدا کی مجموعی تعداد پینتیس ہزار ایک سو پانچ ہوگئی۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج نے رفح میں کویتی اسپتال خالی کرنے کا حکم دے دیا جبکہ صیہونی فورسز جبالیہ کے پناہ گزین کیمپ میں گھس گئیں اور خیمہ بستی سے تین لاکھ ساٹھ ہزار فلسطینی نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔رفح میں اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک امدادی کارکن ہلاک ہوگیا۔ ادھر القسام بریگیڈز نے غزہ میں اسرائیلی ٹینک کو نشانہ بنانے کی ویڈیو جاری کردی اور کہا کہ جنگجوں نے جبالیہ پناہ گزیں کیمپ میں اسرائیلی ٹینک کو ڈرون سے نشانہ بنایا، علاقے میں اسرائیل کے چار دیگر ٹینکوں پر بھی حملے کیے گئے۔