چیف جسٹس گندم امپورٹ سکینڈل پر سوموٹولیں : اظہر بلال

منگل 14 مئی 2024 22:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2024ء) امیر جماعت اسلامی لاہور جنوبی اظہر بلال اور جنرل سیکرٹری عبدالرشید مرزا نے کہا ہے کہ16مئی کا مارچ اوردھرنا پرامن ہوگا کوئی روکنے کی کوشش نہ کرے۔گندم امپورٹ سکینڈل مافیاکے کئے کی سزا کسانوں کو نہ دی جائے۔ چیف جسٹس آف پاکستان گندم امپورٹ سکینڈل پر سوموٹولیں اور کسانوں کو انصاف دیں۔

گندم امپورٹ مافیاعیش و عشرت میں مصروف جبکہ کسان سڑکوں پر دھکے کھا رہا ہے ۔کسانوں سے گندم کا ایک ایک دانہ پورے ریٹ پر خریدا جائے۔

(جاری ہے)

جن کو اسمبلیوں میں مسیحا بنا کر بھیجا وہ ہی کسانوں کا معاشی قتل کررہے ہیں۔کسانوںکوان کا حق دینے کی بجائے ان پر آنسو گیس اور لاٹھی چارج کی تیاریاں جاری ہیں۔جماعت اسلامی کسانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

کسانوں کو ان کا حق دلوانے کے لئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان صف اول پر ہوں گے۔حق دو مارچ اور دھرنے کی قیادت کریں گے۔ مزدور اور کسان اللہ کا دوست ہے ۔اللہ کے دوستوں کے بددعائیں مت لو۔جماعت اسلامی کے ہزاروں کارکنان جنوبی لاہور سے کسانوں کے دھرنا میں شرکت کریں گے۔ جن کی قیادت سلمان ایوب، محمد احمد بٹ،ساجد خان،مستقیم معین، حمزہ بلال اور عبدالحمید اعوان کریں گے۔