آر سی سی آئی آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرنس 15 مئی کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی

منگل 14 مئی 2024 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام 16ویں آل پاکستان چیمبرز صدر کانفرنس بدھ 15 مئی کواسلام آباد میں منعقد ہو گی۔ صدر چیمبر ثاقب رفیق اور گروپ لیڈر سہیل الطاف نے مشترکہ بیان میں بتایا ہے کہ چیمبرز صدور کانفرنس کا مقصد کاروباری برادری کا اعتماد بحال کرنا ہے۔ صدر ثاقب رفیق نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری کونسل (ایس آئی ایف سی) معاشی بہتری اور اعتماد بحالی میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔

گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ اس وقت معاشی چیلنج میں سب سے بڑا مسئلہ اعتماد بحالی کا ہے، مقامی اور بیرونی سرمایاکا کا اعتماد بحال کرنا بہت ضروری ہے، ایس آئی ایف سی کا پلیٹ فار م اہم ہے۔ ثاقب رفیق نے کہا کہ کانفرنس میں چاروں صوبوں، کشمیر، گلگت بلتستان کے چیمبرز صدور اور نمائندوں سمیت ویمن چیمبر ز کی صدور بھی شرکت کر رہی ہیں، ایجنڈا تمام صدور کے ساتھ شیئر کیا جا چکا ہے، اہم ایجنڈا نکات میں سالانہ بجٹ، روپے کی قدر میں کمی، پیداواری لاگت میں اضافہ،پٹرولیم مصنوعات، بجلی گیس کی قیمت، توانائی کے متبادل ذرائع، سولر انسٹالیشن، وفاقی اور صوبائی ٹیکس، تاجر دوست سکیم، ٹیکس نیٹ میں اضافہ، حکومتی اداروں کی نجکاری شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر پچھلے 15 سال سے آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرنس کے انعقاد کی روایت کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی پی سی کا یہ ایڈیشن یقینی طور پر تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو اہم چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پالیسیاں بنانے اور آنے والے برسوں کے لیے معیشت کے حوالے سے درست سمت طے کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔