گورنر بلوچستان کی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات

ملک کی مجموعی معاشی و سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال

منگل 14 مئی 2024 23:20

اسلام آبا د/کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی ۔تفصیلا ت کے مطابق منگل کو اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی معاشی و سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر نے شیخ جعفر خان مندوخیل کو گورنر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباددی اور خواہشات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے،پارلیمان بلوچستان کی عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شیخ جعفر خان مندوخیل کا بطور گورنر بلوچستان تقرر صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خوش آئند ہے پر امید ہوں کہ گورنر بلوچستان وفاق اور صوبے کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا آئینی کردار بہترین طریقے سے ادا کریں گے ۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان نے نیک خواہشات پر اسپیکر کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے ایوان کی کاروائی غیرجانبدارنہ انداز سے چلانے پر اسپیکر کے کردار کو سراہا ۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں کا ملکی پائیدار ترقی اور خوشحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔