پاکستان کیخلاف سیریز، انگلینڈ نے اپنے اہم کھلاڑیوں کو آئی پی ایل سے واپس بلالیا

بدھ 15 مئی 2024 15:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) رواں ماہ پاکستان کے خلاف ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے انگلینڈ نے اپنے اہم کھلاڑیوں کو آئی پی ایل سے واپس بلا لیا،آئی پی ایل کھیلنے والے انگلینڈ کے کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں کو چھوڑ کر وطن روانہ ہونا شروع ہو گئے ہیں۔انگلینڈ کے اہم کھلاڑی جوش بٹلر، فل سالٹ، ول جیل، ریس ٹوپلے، معین علی، جونی بیرسٹو اور سیم کیورن آئی پی ایل کھیل رہے ہیں اور یہ کھلاڑی انگلینڈ کے ورلڈ کپ اسکواڈ کا بھی حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کے ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل اسی ہفتے لیڈز میں جمع ہوں گے۔دوسری جانب آئی پی ایل کو ادھورا چھوڑ کر کھلاڑیوں کی وطن واپسی پر بھارتی ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر سیخ پا ہوگئے اور انہوں نے کھلاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ایک اخباری کالم میں سنیل گواسکر نے لیگ پر نیشنل ڈیوٹی کو ترجیح دینے والے پلیئرز پر تنقید کے تیر برساتے ہوئے لکھا کہ فرنچائز کو اپنی دستیابی ظاہر کرنے کے بعد یوں ایونٹ سے دستبردار ہو کر کھلاڑیوں نے فرنچائز کو مایوس کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :