ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 9 جون ٹاکرے سے قبل پاکستان اور بھارت کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی

روایتی حریفوں کے درمیان شیڈول ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے ٹاکرے سے قبل نیویارک کرکٹ گراونڈ کی وکٹ کی ساخت نے ٹیموں کو پریشان کر دیا

muhammad ali محمد علی منگل 4 جون 2024 00:47

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 9 جون ٹاکرے سے قبل پاکستان اور بھارت کیلئے خطرے ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون2024ء) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 9 جون ٹاکرے سے قبل پاکستان اور بھارت کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔ تفصیلات کے مطابق روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان 9 جون کو شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے ٹاکرے سے قبل نیویارک کرکٹ گراونڈ کی وکٹ کی ساخت نے ٹیموں کو پریشان کر دیا ہے۔ نیویارک میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے خصوصی طور پر تیار کیے جانے والے کرکٹ گراونڈ کی وکٹ کے عجیب رویے نے پاکستان اور بھارت سمیت ان ٹیموں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے جن کے اس گراونڈ پر میچز شیڈول ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ نیویارک کی وکٹ پر بلے بازوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اسی باعث پیر کے روز جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے میچ میں بھی زیادہ ڈاٹ بالز کا ریکارڈ بن گیا۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ اور سری لنکن بلے بازوں نے سست بیٹنگ کر کے نیا ریکارڈ بنا دیا۔ پروویڈنس میں باؤلرز کے لیے سازگار ایک مشکل وکٹ پر بلے بازوں کے لیے بیٹنگ کرنا محال ہو گیا، جہاں سری لنکن ٹیم کے 77 رنز پر ڈھیر ہونے کے بعد افریقی ٹیم بھی ہدف کے تعاقب میں 4 وکٹیں گنوا بیٹھی۔

سری لنکن کھلاڑیوں نے 115 گیندوں پر 77 رنز بنائے تو پروٹیز نے بھی ہدف حاصل کرنے کے لیے 98 گیندوں کا سہارا لینا پڑا۔ دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 214 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 127 ڈاٹ گیندیں کھیلیں جو ٹی20 ورلڈ کپ کا عالمی ریکارڈ ہے۔ آج تک کسی بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کسی بھی میچ میں اتنی زیادہ تعداد میں ڈاٹ بالز نہیں کھیلی گئیں۔ اس تمام صورتحال میں پاکستان اور بھارت کے ڈیڑھ ارب شائقین کرکٹ بھی تشویش میں مبتلا ہیں اور سوال کر رہے ہیں کہ کیا 9 جون کے ٹاکرے کیلئے بھی پاکستان اور بھارت کو غیر معیاری وکٹ میسر ہو گی؟۔ ایسا ہونے کی صورت میں 9 جون کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی اسکورنگ میچ ہونے کے امکانات کم دکھائی دے رہے ہیں۔