پاکستان چیمپئنز لیگ میں لاہور سکندرز اور اسلام آباد سٹائلینز نے اپنے میچز جیت لئے

بدھ 15 مئی 2024 17:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) لاہور سکندرز اور اسلام آباد سٹائلینز نے پاکستان چیمپئنز لیگ میں اپنے اپنے میچز جیت لئے ۔ لاہور سکندرزنے پشاور لائنزکو 10وکٹوں سے جبکہ اسلام آباد سٹائلینزنے بھی ملتان کنگزکے خلاف 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔دفاعی چیمپئن لاہور سکندرز نے پاکستان چیمپئنز لیگ میں جیت کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے پشاور لائنز کو ہراکرمیدان مارلیا۔

فیصل آباد کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان وہیل چیئرچیمپئنز لیگ کے پہلے میچ میں پشاور لائنز نے پہلے کھیلتے ہوئے20اوورز میں 9کھلاڑیوں کے نقصان پر137رنز بنائے۔مثل خان 42اوربلال رانی37 رنز بناسکے ۔ محمد فیض اور محمد احسن نے دو،دو جبکہ رفاقت حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔

(جاری ہے)

محمد فیض کی شاندار سنچری کی بدولت دفاعی چیمپئن لاہور سکندرز نے 138رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا ، یوں لاہور سکندرز نے میچ میں پشاور کو 10وکٹوں سے ہرا کر پاکستان چیمپئنز لیگ میں مسلسل دوسری فتح اپنے نام کرلی۔

محمد فیض نے 47 گیندوں کی مدد سے 115رنز کی اننگز کھیلی۔ان کی اننگز میں 28 چوکے شامل تھے ۔ محمد فیض کو آل راؤنڈر پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دوسرے میچ میں ملتان کنگز نے اسلام آباد کو جیت کیلئے219رنز کا ہد ف دیا، محمد لطیف اورشبیہ حیدرنے نصف سنچریاں بنائیں جبکہ ساجد علی نے دوکھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ فاتح اسلام آباد سٹائلینز نے مطلوبہ ہد ف 18.1اوورزمیں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا اورملتان کو 8وکٹوں سے شکست دے دی۔ ساجد علی نے 56گیندوں پر 102،کپتان محمد ذیشان نے38اور مبین نے 30رنز بنائے۔اب پاکستان چیمپئنز لیگ میں پشاور لائنزکا مقابلہ کراچی آرچرز اوراسلام آباد سٹائلینز کا مقابلہ کوئٹہ سٹرائیکرز سے ہوگا۔