مودی حکومت خود کو 'راجہ' اور عوام کو 'غلام' سمجھ رہی ہے: کانگریس

بدھ 15 مئی 2024 22:10

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) بھارت میں حزب اختلاف کی بڑی جماعت کانگریس نے کہاہے کہ مودی حکومت عوام کو راشن دے کر خود کو 'راجہ' اور عوام کو 'غلام' سمجھنے لگی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ اترپردیش کے شہر بریلی میں ایک دلت چوکیدار ویریندر کمار کو دو پولیس گارڈز نے اس وجہ سے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا کہ اس نے بی جے پی کا فری راشن لینے کے باوجود اسے لوک سبھا الیکشن میں ووٹ نہیں دیا ۔

کانگریس نے کہاہے کہ ملک کے غریبوں کی کھانے کی ضرورت پوری کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، جو عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے ہی یہ ذمہ داری ادا کرتی ہے ۔ لیکن مودی حکومت عوام کو راشن دے کر خود کو 'راجہ' اور عوام کو 'غلام' سمجھنے لگی ہے۔اس پوسٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی پرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہاگیاہے کہ ایک طرف نریندر مودی عوام کے پیسوں سے عیاشی کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف ان کے غنڈے اناج کے لیے غریب عوام پر تشدد کررہے ہیں ۔