قدرتی جڑی بوٹیاں برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ حاصل کیاجاسکتاہے، ماہرین زراعت جامعہ زرعیہ فیصل آباد

جمعرات 16 مئی 2024 15:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے بتایا کہ پاکستان میں وسیع مقدار میں موجود قدرتی جڑی بوٹیاں برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ حاصل کیا جاسکتاہے کیونکہ پاکستان سمیت دنیابھرمیں بڑی تعداد میں افراد اب ایلوپیتھک طریقہ علاج کی بجائے ہربل طریقہ علاج اور نباتاتی جڑی بوٹیوں سے استفادہ کی جانب گامز ن ہیں۔

انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ اگر اس نظام کو مربوط انداز سے منظم کرتے ہوئے ہر بل میڈیسن میں تحقیق کو رواج دیا جائے تو نہ صرف ملکی سطح پر صحت عامہ کی صورت حال بہتر بنائی جا سکتی ہے بلکہ قدرتی جڑی بوٹیوں کی ایکسپورٹ کے ذریعے خطیر زر مبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے5مختلف شعبوں میں مختلف بیماریوں کے خلاف جڑی بوٹیوں کے طبی فوائد کے حوالے سے جدید خطوط پر تحقیق جاری ہے جسے مر بوط کرکے عوام کی فلاح کے لئے سستی اور معیاری ادویات کی صورت میں پیش کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فطری خزانے کو محفوظ کرتے ہوئے اسے ملکی معاشی استحکام کے لئے استعمال کرنے پر توجہ دی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فطری حسن اور نباتیاتی دولت سے مالا مال ہے جسے طبی تحقیق کے حوالے سے استعمال کرتے ہوئے خطرناک بیماریوں کے علاج کی صورت حال بہتر بنانے پر توجہ دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھرمیں لوگ جڑی بوٹیوں کے ذریعے علاج کی جانب تیزی کے ساتھ رجوع کر رہے ہیں۔