ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع

اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کے لیے سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ نے سر جوڑ لیے ابرار کو موقع ملنے کا امکان، عثمان، آغا سلمان اور عرفان خان نیازی میں سخت مقابلہ

جمعرات 16 مئی 2024 19:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2024ء) آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2024کے لئے قومی ٹیم کا اعلان اگلے جمعرات تک کیے جانے کا امکان ہے۔پاکستان میگا ایونٹ میں شریک واحد ٹیم ہے جس نے اپنے 15رکنی اسکواڈ کا تاحال اعلان نہیں کیا، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کے لیے سلیکٹرز اور ٹیم منیجمنٹ سوچ و بچار کر رہی ہے۔

15رکنی اسکواڈ اور تین ریزرو کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا اعلان انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ کے بعد کیا جائے گا۔رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان آئی سی سی کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن 24 مئی تک اسکواڈ کا اعلان کرے گا۔مسٹری اسپنر ابرار احمد کے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لئے اسکواڈ میں شامل ہونے کا امکان ہے جبکہ آغا سلمان اور حسن علی کو ریزرو کھلاڑیوں کے طور پر رکھا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح عرفان خان نیازی یا عثمان خان میں سے کوئی ایک ریزرو کھلاڑی کے طور پر ٹیم کے ساتھ ہوگا۔دوسری جانب حارث رئوف انجری سے صحتیاب ہورہے ہیں تاہم انہیں ورلڈکپ اسکواڈ میں شمولیت کے لئے فٹنس کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا آغاز جون سے آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز میں ہوگا جس میں 20 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ پاکستان ورلڈکپ کے گروپ اے میں روایتی حریف بھارت، آئرلینڈ، کینیڈا اور امریکہ کے ساتھ موجود ہے۔