گورنرسندھ کی زیر صدارت بزنس پروپوزل تقریب کا انعقاد

جمعرات 16 مئی 2024 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے گورنر ہائو س میں روزگار اسکیم کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب میں بزنس پروپوزل پیش کرنے والوں کے انٹرویو لیے گئے۔ بعض پروپوزل کی موقع پر ہی منظوری دی گئی۔تقریب میں معمر ترین صحافی، کم عمر طالب علم اور معمر خاتون کو ایک ایک آئی فون 15دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔

گورنرسندھ نے کہا کہ ایک اور وعدہ آج پورا کرنے جا رہے ہیں،اچھے بزنس پروپوزل کی رقم فراہم کرنے اعلان کیا تھا،آج وہ دن آگیاہے،یہ رقم ناقابل واپسی ہوگی، یہ آئیڈیا دینے والے ظفر عباس کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔انہوں نے مذید کہا کہ تاجر برادری سے مل کر کاروبار کے لیے اربوں روپے دیئے جائیں گے،یہ جو کچھ کررہا ہوں اللہ کی رضا کے لیے کر رہا ہوں،پاکستان کی خوشحالی کے لیے یہ سب کر رہا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج پہلا دن تھا تمام پروسیس آپ کے سامنے ہوا،روزگار اسکیم ایک سال تک جاری رہے گی۔بزنس پروپوزل دینے والوں میں کلثوم فضل(بیوٹی پارلر)،شاہد بدر(میڈیکل اسٹور)، رضوان قریشی(فوٹو گرافر/ کیمرہ)،تیمور(سافٹ ویئر ہائو س)،ارم ناز(ٹیوشن سینٹر)،اریبہ ستار(انگلش لینگویج سینٹر)، ملک تیمور(انٹر نیٹ سروس)،مصطفی جمال (کپڑے کی شاپ)کے نام شامل ہیں ۔ ایک خاتون کو اپنے بزنس کی رجسٹریشن کے لیے موقع پر ایک لاکھ روپے فراہم کیے گئے۔ٹانگ سے معذور شخص کو آٹو گاڑی دینے کا بھی اعلان کیا گیا ۔