حکومت کارواں سال نومبر دسمبر میں لاہور اور دیگر شہروں میں الیکٹرک اور ہائبرڈ بسیں چلانے کااعلان

لاہور میں ہی نہیں بلکہ پنجاب کے بڑے شہر وں میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام متعارف کروایا گیا ہے‘ وزیر ٹرانسپورٹ

جمعرات 16 مئی 2024 22:00

حکومت کارواں سال نومبر دسمبر میں لاہور اور دیگر شہروں میں الیکٹرک اور ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2024ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حکومت نے رواں سال نومبر دسمبر میں لاہور اور دیگر شہروں میں الیکٹرک اور ہائبرڈ بسیں چلانے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں ہی نہیں بلکہ پنجاب کے بڑے شہر وں میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام متعارف کروایا گیا ہے جبکہ اپوزیشن نے الزام عائد کیا کہ صوبائی فنانس ایوارڈ کا تمام پیسہ لاہور پر خرچ کیا جارہا ہے ، لاہور کے علاوہ کسی شہر میں ٹرانسپورٹ کا نظام نہیں،اجلاس میں امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے متعدد توجہ دلائونوٹسز میں ارکان اسمبلی نے پولیس کی کارکردگی پر شدید تنقید کی ۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت کی بجائے ایک گھنٹہ 57منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی اسپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ کی صدارت میںشروع ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبائی وزیر بلال اکبر نے محکمہ ٹرانسپورٹ سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے ایوان کو بتایا کہ لاہور میں رواں سال نومبر دسمبر میں الیکٹرک بسیں سڑکوں پر ہوں گی،مختلف اضلاع میں ہائبرڈ بسیں بھی چلائی جائیں گی جس سے مسافروں کو فائدہ ہوگا، مسافروں کو دو سو سے زائد سپیڈو بسوں کو سبسڈی دی جا رہی ہیں، دس لاکھ لوگوں کو روزانہ ٹرانسپورٹ کی سہولت مل رہی ہے ، راولپنڈی کی عوام کا حق ہے اس لئے وہاں سو بسوں کا تحفہ دیا ہے ،اگلے مرحلے میں پبلک ٹرانسپورٹ کو بہتر کریں گے۔

لاہور میں ہی نہیں بلکہ پنجاب کے بڑے شہر وں میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام متعارف کروایا گیا ہے ،باقی شہروں میں بھی سرکاری بسوں پر لاہور جیسی ہی سبسڈی ہے۔اپوزیشن رکن بریگیڈیئر (ر)مشتاق احمد نے راولپنڈی میں بسوں کے فقدان پروزیر ٹرانسپورٹ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بسوں کا تمام پیسہ صرف لاہور پر ہی خرچ کیاجارہا ہے ، لاہور کے علاوہ تمام شہر ٹرانسپورٹ کی سہولت سے محروم ہیں، صوبائی فنانس ایوارڈ کا تمام پیسہ بھی لاہور پر خرچ کیاجارہا ہے جس سے چھوٹے علاقوں میں محرومیت کا احساس بڑھتا جا رہا ہے۔

اپوزیشن رکن رانا آفتاب احمد نے ضمنی سوال میں کہا کہ لاہور سمیت تمام بڑے شہر وں میں ٹریفک جام رہتی ہے، یہ بسیں کن سڑکوں پر چلائیں گے ،پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام ختم ہو کر رہ گیا ہے۔حکومتی رکن امجد علی جاوید ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ٹرک اسٹینڈز سے متعلق سوالات کے غلط جوابات پر محکمہ پر برس پڑے ۔ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ حکومت کو بنے ہوئے دو ماہ ہوئے ہیں ،و زراء کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ ڈیلیور کر سکیں،سب نوجوان وزرا ء ہیں انہیں موقع دیں جو پہلے کام نہیں ہوئے وہ بھی تو ٹھیک کرنے ہیں۔

اپوزیشن رکن سردار محمد علی خان نے حکومتی وزراء کی تعریف کر تے ہوئے کہا کہ اسپیکر کے کہنے پر ہائوس کمیٹی میں مجھے تین وزراء کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو محسوس ہوا وزراء واقعی کام کرنے والے ہیں، مجھے امید ہے کہ نئے وزراء ڈیلیور کریں گے۔نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے بریگیڈیئر (ر)مشتاق نے کہا کہ دریائے جہلم میں کشتی الٹنے کی نشاندہی کی میرے پاس واقعہ کی فوٹیج ہے جو دلخراش ویڈیو ہے،دریائے جہلم میں کشتی واقعہ کی تحقیقات کروائی جائے اور جو ذمہ دار ہے اسے قرار واقعی سزا دی جائے، آئندہ ایسے حادثات کو روکنے کیلئے جہلم کے کناروں پر حفاظتی اقدامات کئے جائیں۔

اپوزیشن رکن اویس ورک نے نقطہ اعتراض پر شیخوپورہ میں خاتون سے زیادتی پر انصاف اور ملزمان کے خلاف کارروائی کی اپیل کی۔توجہ دلانوٹس پر اپوزیشن رکن رانا آفتاب احمد نے خود کو دھمکیاں دینے والے پولیس افسر کا ایوان میں نام بتا دیا ،ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد ٹھیکری والا ایس ایچ او مجھے دھمکیاں دے رہا ہے۔وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمن نے توجہ دلا نوٹس پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ محمد اعظم کے قاتلوں کو سی سی ٹی وی ،جیوفنسنگ اور جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پر پولیس نے پکڑا ، آر پی او اور سی پی او کورٹ کیسز کی وجہ سے ایوان میں نہیں آ سکے، ایڈیشنل آئی جی گیلری میں موجود ہیں۔

حافظ فرحت عباس نے تھانہ فیکٹری ایریا میں دو افراد کے مابین لڑائی اور فائرنگ سے دلاور نامی شخص کے قتل کے معاملہ پر توجہ دلا نوٹس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدنام زمانہ انسپکٹر تحقیقات کررہا ہے اور وہ ملزمان کو چارپائیاں دے کر عیاشیاں کروا رہا ہے، مطالبہ کیا کہ اس کی تحقیقات ایس پی سے کرائیں یا سی آئی اے سے ایماندار افسر کو تحقیقات دیںتاکہ انصاف مل سکے، ۔

وزیر پارلیمانی امور نے توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کی کوتاہی ہوگی تو اسے بھی قرار واقعی سزا ملے گی،خود تھانے جائوں گا اور اس کی رپورٹ ایوان میں پیش کروں گا ، اس تھانہ سے تحقیقات تبدیل کروا دیں گے،میں دلاور کے گھر خود جاں گا۔ڈپٹی سپیکر کی جانب سے رولنگ دی گئی کہ پولیس کی جانب سے صلح کے دبا ئوکا بھی نوٹس لیا جائے،قتل کے ملزمان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرکے مدعی کو انصاف مہیا کیا جائے۔

حکومتی رکن عامر علی شاہ نے نقطہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدھ کے روز مغرب کے وقت میرے علاقہ اچ شریف کی انجمن تاجران کے صدر کو دوران ڈکیتی گولیاں مار دی گئیں،علاقے میں حالات یہ ہوگئے ہیں کہ لوگ دوکانیں بند کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں ،پولیس کی کارکردگی زیرو ہے۔جس پر وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ توجہ دلا نوٹس جمع کروا دیں تو محکمہ سے جواب منگوا لیتا ہوں۔اجلاس میںصوبائی وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمن نے پنجاب انفارمیشن کمیشن 2020-23 ،سالانہ رپورٹ پنجاب پبلک سروس کمیشن 2022 اور سالانہ رپورٹ محتسب پنجاب 2022پیش کیں۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر ڈپٹی اسپیکر ظہیر چنڑ نے اجلاس آج جمعہ کی دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا۔