انو ملک کو اپنے 23 سال پرانے گانے کا ’’انعام‘‘ ملنے لگا

اس وقت 2001 کی فلم اشوکا کے گیت ’’سن سنانن‘‘ کو 5 لاکھ ریلز میں استعمال کیا جاچکا ہے

جمعہ 17 مئی 2024 12:48

انو ملک کو اپنے 23 سال پرانے گانے کا ’’انعام‘‘ ملنے لگا
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) بھارتی گلوکار اور موسیقار انو ملک نے 23 سال قبل ترتیب دیے گئے اپنے گیت کی سوشل میڈیا پر مقبولیت کو اپنے لیے انعام قرار دے دیا۔ سوشل میڈیا نے دہائیوں پہلے ترتیب دی گئی موسیقی کو ایک مرتبہ پھر دنیا کے سامنے لا کھڑا کیا ہے، اس میں سب سے زیادہ حصہ سوشل میڈیا ریلز نے ڈالا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس وقت 2001 کی فلم اشوکا کے گیت ’’سن سنانن‘‘ کو 5 لاکھ ریلز میں استعمال کیا جاچکا ہے۔

اس گیت کی دھن کو ترتیب دیا تھا موسیقار انو ملک نے جو اس حوالے سے بتاتے ہیں کہ انکی بیٹی نے انہیں سوشل میڈیا پر ریل دکھائی اور کہا ’پاپا آپکا گانا وائرل ہوچکا ہے۔انو ملک کا کہنا تھا کہ یہ پروجیکٹ میرے دل کے کافی قریب ہے کیونکہ اس میں شاہ رخ خان بھی تھے اور یہ ان پروجیکٹس میں سے ایک ہے جس میں میں نے بہت محنت کی تھی۔

(جاری ہے)

نامور موسیقار نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے دھنوں کو ترتیب دینے کیلیے فلم ڈائریکٹر سنتوش سیوان سے متعدد مرتبہ بات چیت کی اور انہوں نے میری کئی دھنوں کو مسترد بھی کیا۔

انو ملک نے بتایا کہ سنتوش صاحب بہت واضح تھے اور چاہتے تھے کہ فلم کے لیے کچھ ایسی دھن ترتیب دی جائے جو بہت ہی الگ ہو۔ انہوں نے سوشل میڈیا ریلز اور گیت کی مقبولیت کے تناظر میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگ رہا ہے جیسے مجھے میرا انعام مل رہا ہے۔