زرتاج گل سے بدتمیزی،طارق بشیر چیمہ کی رکنیت پورے سیشن کیلئے معطل

سپیکر قومی اسمبلی نے گیلریز میں ویڈیو بنانے اور گیٹ نمبر ایک پر میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی، کئی بار زبانی کہا لیکن 14 تاریخ کو تحریری طور پر لکھ کر دیا کہ لوگوں کو چیک کیا جائے،سردار ایازصادق

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 17 مئی 2024 12:05

زرتاج گل سے بدتمیزی،طارق بشیر چیمہ کی رکنیت پورے سیشن کیلئے معطل
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 مئی 2024 ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے پی ٹی آئی رہنماءزرتاج گل سے بدتمیزی اور بدکلامی کرنے پر مسلم لیگ ق کے رکن قومی اسمبلی طارق بشیر کی رکنیت پورے سیشن کیلئے معطل کردی،سپیکر قومی اسمبلی نے گیلریز میں ویڈیو بنانے اور گیٹ نمبر ایک پر میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی۔سپیکر قومی اسمبلی سردارایازصادق نے خواجہ آصف کے خطاب پرکہا کہ آپ نے مجھے متعدد بار یاد دہانی کروائی ہے اور میں نے اس پر ایکشن بھی لیا ہے، میں نے کئی بار زبانی کہا لیکن 14 تاریخ کو تحریری طور پر لکھ کر دیا کہ لوگوں کو چیک کیا جائے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ خواجہ آصف کے خدشات بالکل درست ہیں، جہاں آپ لوگ کی گاڑیاں کھڑی ہوتی ہیں، وہاں لوگ انٹریو لینے آجاتے ہیں اور ممبران کو روکتے ہیں جب کہ لفٹ کے دوران بھی لوگ پارلیمنٹرین کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں، جس پر ہم نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ اس معاملے کو چیک کیا جائے، اس سلسلے میں وزارت داخلہ اور آئی جی اسلام آباد سے بھی بات کی ہے، ہم اس حوالے سے سخت کارروائی کریں گے۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی اجلاس میں تلخ کلامی کے بعد ق لیگ کے رہنما طارق بشیر چیمہ نے پی ٹی آئی رکن زرتاج گل سے معافی مانگ لی تھی۔ زرتاج گل نے طارق بشیر چیمہ کی معافی قبول کرلی۔سپیکرقومی اسمبلی ایازصادق نے دونوں کے درمیان معاملہ ختم کر وا دیا تھا۔ اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا، پی ٹی آئی اراکین سمیت تمام فریقین نے سپیکر قومی اسمبلی کے کردار کو سراہا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں طارق بشیر چیمہ کی تقریر کے دوران زرتاج گل بہاولپور کا ذکرکرتی رہیں، وہ طارق بشیر کو بہاولپور یونیورسٹی تصویر اسکینڈل کا حوالہ دیتی رہیں تھیں۔تقریر کے بعد طارق بشیر نے زرتاج گل کی نشست پر جاکر انہیں مبینہ طور پر کچھ نازیبا الفاظ کہے تھے۔جس کے بعد سنی اتحاد کونسل کے ارکان غصے میں آکر طارق بشیر چیمہ کی طرف لپکے ، تاہم طارق بشیر کو آغا رفیع اللہ ایوان سے باہر لے گئے تھے۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں بشیر چیمہ کی جانب سے زرتاج گل کو نازیبا الفاظ کہنے پر سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے ہنگامہ آرائی کی اور احتجاج کیاتھا۔