آرگینک فوڈ کے فروغ کے لئے شہریوں کو کچن گارڈننگ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جارہی ہے،ڈی جی پی ایچ اے

جمعہ 17 مئی 2024 13:27

آرگینک فوڈ کے فروغ کے لئے  شہریوں کو کچن گارڈننگ کے حوالے سے آگاہی فراہم ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آبادعبدالقادر شاہ نے بتایا کہ آرگینک فوڈ کے فروغ کیلئے شہریوں کو کچن گارڈننگ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جارہی ہے تاکہ نہ صرف گھروں میں موجود خالی جگہوں کو مصرف میں لایا جا ئے بلکہ سبزیوں کی مارکیٹ سے خرید کے بجٹ میں کمی کرکے صاف ستھری، معیاری اور ہر قسم کے سپرے کے مضر اثرات سے پاک سبزیوں کا گھریلو سطح پر حصول بھی ممکن ہوسکے۔

انہوں نے اے پی پی کو بتایا کہ اس سلسلہ میں پی ایچ اے کئی اقدامات اٹھا رہا ہے جن کے مثبت نتائج حاصل ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی جانب سے شہر کی خوبصورتی اور ہارٹیکلچر کے فروغ کیلئے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے جس کے تحت ہلال احمر چوک،ایگریکلچر یونیورسٹی چوک، جی ٹی ایس چوک اور چناب کلب چوک کی اپ گریڈیشن کا کام شروع ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سمندری روڈ،جھنگ روڈ، گلبرگ روڈ،جڑانوالہ روڈ،ستیانہ روڈ،نڑوالا روڈ،جیل روڈ اور دیگر روڈز کے اطراف گرین ایریاز کی اپ گریڈیشن اور خوبصورتی پر کام کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو سبزیات کی کاشت کی طرف راغب کرنے اور کچن گارڈننگ کی ترغیب کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں اوراس ضمن میں کلیم شہید پارک اور ڈی گراؤنڈ میں بیج لگانے کا کام شروع کر دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے مرحلہ وار شہر کی مرکزی شاہرات کے سینٹر میڈینز میں دلکش اور جاذب نظر پھولدار پودے لگانے کیلئے بھی اقدامات شروع کردیئے اور اس ضمن میں پہلے مرحلے میں جڑانوالہ روڈ،شیخوپورہ روڈاور ملت روڈ پر شجرکاری کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کو سرسبز وشاداب بنانا ترجیح ہے جس کیلئے وسیع پیمانے پر شجرکاری کی جارہی ہے جس سے شہریوں کو بھی دیدہ زیب ماحول نظر آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایچ اے کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شجرکاری کے اہداف تیزی سے مکمل کریں جبکہ اس ضمن میں معمولی سی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :