حکومتوں کا کام سرکاری اسپتال چلانا نہیں: مختار بھرتھ

جمعہ 17 مئی 2024 13:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) وزیرِ اعظم شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار بھرتھ نے کہا ہے کہ صحت سہولت پروگرام میں علاج کی سہولتیں ہرغریب و امیر کو یکساں نہیں دے سکتے۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار بھرتھ نے کہا ہے کہ افورڈ کرنے والے افراد 4500 روپے سالانہ دے کر یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ 4500 روپے سالانہ یا 400 روپے ماہانہ پریمیئم کی ادائیگی کر کے خاندان کے لیے ہیلتھ انشورنس لی جا سکتی ہے، پاکستان میں صحت کی سہولتوں کی فراہمی کا مستقبل ہیلتھ انشورنس سے وابستہ ہے۔ملک مختار بھرتھ نے کہا کہ حکومتوں کا کام سرکاری اسپتال چلانا نہیں، سرکاری اسپتال ہیلتھ انشورنس سے مریضوں کا علاج کریں۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا پر تحفظات ہیں، قابلِ اعتماد ڈیٹا کی ضرورت ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار بھرتھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک میں ادویات کی کوئی قلت نہیں ہے۔