Live Updates

9مئی کے 3مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 24مئی تک توسیع

بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے کی،عدالت نے وکیل سلمان صفدر کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 17 مئی 2024 14:26

9مئی کے 3مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 24مئی تک توسیع
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 مئی 2024 ) انسداد دہشت گردی عدالت لاہورنے 9 مئی کو جناح ہاوس ، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان ٹاون کو جلانے کے 3 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت میں 24 مئی تک توسیع کردی، بانی پی ٹی آئی کی3 مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے کی۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں 24 مئی تک توسیع کر دی۔

عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل سلمان صفدر کو دلائل کیلئے طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کو یقینی بنانے کا حکم بھی دے دیا۔10 مئی کو لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی جلاو گھیراو کے 3 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر آئندہ سماعت میں ویڈیو لنک کے ذریعے ان کی حاضری یقینی بنانے کیلئے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے آزادی مارچ کے دوران تھانہ کھنہ میں درج لانگ مارچ توڑ پھوڑ کے دو مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بری کر دیاتھا جوڈیشل مجسٹریٹ نے بریت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا تھا۔فیصلے کے مطابق شواہد ناکافی ہونے کی بنیاد پر عدالت نے بریت کی درخواست منظور کی تھی۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل سردار مصروف اور مرزا عاصم نے بریت کی درخواست پر دلائل دئیے تھے۔

پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے تناظر میں ملک بھر میں پولیس نے پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنان کے خلاف دفعہ 144 سمیت دیگر سنگین خلاف ورزیوں پر درجنوں مقدمات درج کئے تھے۔عمران خان کے خلاف تھانہ سہالا، لوہی بھیر اور تھانہ بارہ کہو میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔یاد رہے کہ 20مارچ کوڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے لانگ مارچ کے دوران احتجاج اور توڑ پھوڑ کے مزید 2 کیسز میں بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران اور سربراہ عوامی لیگ شیخ رشید سمیت 11 ملزمان کو بری کردیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات