نریندر مودی کی جعلی ویڈیو کا تخلیق کارمنظرعام پرآگیا

نریندرمودی کی جانب سے سراہے جانے پر تخلیق کار لڑکے کا وزیراعظم کا شکریہ

جمعہ 17 مئی 2024 17:27

نریندر مودی کی جعلی ویڈیو کا تخلیق کارمنظرعام پرآگیا
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیو کا تخلیق کار خود ہی منظر عام پر آگیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر)پر روحن پال نامی ایک صارف نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ نریندر مودی کی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی ویڈیو انہوں نے تخلیق کی ہے۔

سوشل میڈیا صارف کے مطابق انہوں نے یہ ویڈیو تخلیق ضرور کی تھی لیکن خوف کی وجہ سے اسے سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کی۔روحن پال کے مطابق بھارتی وزیراعظم کے مثبت ردعمل نے انہیں ہمت دی ہے کہ وہ سب کو بتا سکیں کہ یہ ان کی تخیلق ہے۔انہوں نے نریندر مودی کی جانب سے سراہے جانے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے اور کہا کہ اب معلوم ہوگیا ہے کون حقیقی آمر کون ہے کون آمرانہ رویہ اختتار کرتا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سوشل میڈیا صارف روحن پال کا تعلق بھارت کے علاقے مغربی بنگال سے ہے۔اس سے قبل بھارتی حکام نے اعتراف کیا تھا کہ اے آئی کی مدد سے بنی وڈیوز کے ذرائع کا سراغ لگانا دشوار ہے لیکن مغربی بنگال میں پولیس ان وڈیوز کو شیئر کرنے والوں کے بارے میں تحقیقات کررہی ہے۔تاہم اب بھارتی وزیر اعظم کے مثبت ردعمل کے بعد اس ویڈیو کا تخلیق کار خود سامنے آگیا ہے۔