مودی کا اپنی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ وائرل ویڈیو پر ردعمل

آپ سب کی طرح میں بھی اپنے آپ کو ڈانس کرتا ہوا دیکھ کر بہت لطف اندوز ہو رہا ہوں،مودی

جمعہ 17 مئی 2024 17:27

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ اپنی وائرل ویڈیو پر ردعمل ظاہر کر دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر)پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کو ری شیئر کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دے دیا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کو ری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آپ سب کی طرح میں بھی اپنے آپ کو ڈانس کرتا ہوا دیکھ کر بہت لطف اندوز ہو رہا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید لکھا کہ انتخابات کے عروج پر اس طرح کی تخلیقی صلاحیت کا سامنے آنا واقعی خوشی کی بات ہے۔خیال رہے کہ بھارت میں ان دنوں لوک سبھا کے انتخابات جاری ہیں، اسی دوران بھارتی وزیراعظم کی ایک مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے۔

وائرل ویڈیو میں نریندر مودی کو غیر روایتی و پر جوش انداز میں دکھایا گیا ہے۔مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیو میں انہوں نے غیر روایتی خاکی پتلون ، سفید شرٹ اور ناریجی جیکٹ میں ملبوس بالی ووڈ کے گانے پر اسٹیج پر رقص کررہے ہیں جبکہ ہجوم ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے نعرے بھی لگارہا ہے۔