وزیر خوراک بلال یاسین کی ہدایت پر محکمہ خوراک کا صوبہ بھر میں بڑا کریک ڈائون

پنجاب بھر میں 561مقامات پر آٹے کی چیکنگ،7لاکھ 85ہزار کے جرمانے،121افراد کو وارننگ نوٹس جاری وارننگ اور جرمانے کے باوجود اصلاح نہ کرنیوالوں کیخلاف مقدمات درج کیے جائیں‘ وزیر خوراک کی ہدایت

جمعہ 17 مئی 2024 17:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کی ہدایت پر محکمہ خوراک نے صوبہ بھر میں آٹے کے معیار کی جانچ کے لئے بڑا کریک ڈائون کیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہریوں کو معیاری آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے محکمہ خوراک نے صوبہ بھر میں 561مقامات پر چیکنگ کی اور آٹے کے سیمپلز لیے۔ وزیر خوراک بلال یاسین نے بتایا ہے کہ چیکنگ کے دوران غیر معیاری آٹا فروخت کرنیوالوں کو 7لاکھ 85ہزار کے جرمانے کیے گئے اور ناقص آٹے کی موجودگی پر مختلف اضلاع میں 121افراد کو وارننگ نوٹسز جاری کیے۔

بلال یاسین نے کہا کہ آٹے میں زائد نمی، گلوٹن کی مقدار میں کمی اور ناقص اجزا کی موجودگی پر ایکشن لیا گیا۔ وزیر خوراک نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وارننگ اور جرمانے کے باوجود اصلاح نہ کرنیوالوں کیخلاف مقدمات درج کیے جائیں۔

(جاری ہے)

پنجاب کے تمام ڈویژنز کی تفصیلات کے مطابق محکمہ خوراک نے لاہور ڈویژن میں 113مقامات، گوجرانوالہ ڈویژن کے 47اور فیصل آباد ڈویژن میں 53مقامات کی چیکنگ کی۔

راولپنڈی ڈویژن 63، گجرات 41، سرگودھا 52 اور ملتان ڈویژن کے 45مقامات سے آٹے کے نمونے اکٹھے کیے گئے۔ اسی طرح بہاولپور ڈویژن کے 89، ڈی جی خان 31اور ساہیوال ڈویژن کے 27نمونہ جات کو تجزیہ کیلئے لیبارٹریز میں بھجوایا گیا۔ وزیر خوراک بلال یاسین نے بتایا کہ آٹے کے معیار میں کمی کرنیوالوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سستے اور معیاری آٹے کی یقینی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ خوراک کے تمام ذمہ داران فیلڈ میں رہیں اور پنجاب بھر میں گندم اور آٹے کے معیار کی کڑی نگرانی جاری رکھی جائے۔