Live Updates

190ملین پائونڈ کیس، سماعت ہر 14 روز بعد کرنے کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری

جمعہ 17 مئی 2024 18:35

190ملین پائونڈ کیس، سماعت ہر 14 روز بعد کرنے کی درخواست پر نیب کو نوٹس ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پائونڈ ریفرنس میں کسی بھی گواہ کا بیان ریکارڈ نہ ہوسکا جبکہ عدالت نے سماعت ہر 14 روز بعد کرنے کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کر دئیے۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پائونڈز ریفرنس کی سماعت کی۔

دوران سماعت عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔سماعت کے آغاز پر ہی بشریٰ بی بی روسٹرم پر پہنچیں اور عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ گزشتہ سماعت میرے بغیر کی گئی، میں انتظار کرتی رہی جس پر جج ناصر جاوید رانا نے کہا کہ گزشتہ سماعت جیل انتظامیہ کی استدعا پر ملتوی کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ملزمان کے وکلا سے سوال کیا کہ کیا آپ کو عدالت پر اعتماد نہیں وکلا کی جانب سے کہا گیا کہ ہمیں عدالت پر اعتماد ہے، بشریٰ بی بی سے مشورہ کرنے کی اجازت دی جائے۔

عدالت پر عدم اعتماد ختم کرنے کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی اور وکلا ڈیڑھ گھنٹے تک بشریٰ بی بی کو سمجھاتے رہے، ڈیڑھ گھنٹے کی مشاورت کے بعد بشریٰ بی بی اور وکلا نے دوبارہ عدالت پر اعتماد کا اظہار کر دیا۔دوران سماعت بشریٰ بی بی کمرہ عدالت فیملی کارنر میں نہ گئیں اور میڈیا باکس کے سامنے ہی بیٹھی رہیں، عمران خان کے بارہا اصرار کے باوجود بشریٰ بی بی فیملی کارنر میں نہیں گئیں اور ان کی بہنوں سے بھی نہ ملیں۔

بشریٰ بی بی عدالت سے باہر گئی اور ملاقات کیلئے بیٹیوں کو بھی باہر بلا لیا، ملزمان کے وکلا کی جانب سے مشاورت کے بعد عدالت میں نئی درخواست دائر کی گئی جس میں استدعا کی گئی کہ دیگر مقدمات کی طرح اس کیس کی سماعت بھی ہر 14 روز کے بعد کی جائے۔عدالت نے وکلا کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 22 مئی تک کے لیے ملتوی کر دی۔جمعہ کو 190 ملین پانڈز ریفرنس کی سماعت کے دوران استغاثہ کے کسی بھی گواہ کا بیان قلم بند نہ ہو سکا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز 190 ملین پائونڈ نیب ریفرنس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت منظور کرلی تھی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل دو رکنی بینچ نے عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا، سابق وزیر اعظم کی ضمانت 10 لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض منظور کی گئی۔اس کیس میں 27 فروری کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس کی سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی کرتے ہوئے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریً بی بی کے خلاف فردجرم عائد کی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات