گلگت، چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی(ریٹائرڈ) کا دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کا دورہ، تعمیراتی کام کا جائزہ لیا

جمعہ 17 مئی 2024 23:32

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی(ریٹائرڈ) نے دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا اور پراجیکٹ پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ پر کام تسلی بخش رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے، پراجیکٹ کی 14اہم سائٹس پر تعمیراتی کام دِن رات جاری ہے، واپڈا یہ پراجیکٹ چلاس ٹاؤن سے 40کلو میٹر زیریں جانب دریائے سندھ پر تعمیر کر رہا ہے۔

چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) پراجیکٹ پر تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ سائٹ پر پہنچے۔اُنہوں نے ڈائی ورشن کینال، گائیڈوال، ڈائی ورشن ٹنل، اپ سٹریم اور ڈاؤن سٹریم کوفر ڈیمز، مستقل پُل(Permanent Bridge)اور ڈیم کے دائیں اور بائیں کناروں پر تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر دیامر بھاشا ڈیم کمپنی، جنرل منیجر/پراجیکٹ ڈائریکٹر دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز پر مشتمل پراجیکٹ ٹیم نے چیئرمین کو تعمیراتی سائٹس پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈائی ورشن سسٹم مؤثر طور پر کام کر رہا ہے،مرکزی ڈیم کے زیریں جانب مستقل پُل مکمل ہو چکا ہے جبکہ اِس پُل سے ملحقہ رابطہ سڑکوں کی تکمیل اگلے ماہ شیڈول ہے۔چیئرمین نے کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تعمیر کے لئے مطلوبہ معیار پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔پراجیکٹ کے دورے کے دوران چیئرمین نے گلگت بلتستان کے وزراء اور سول انتظامیہ کے ساتھ ایک جرگہ میں بھی شرکت کی۔

جرگہ میں متاثرین کی آباد کاری خصوصاً چولہا پیکیج پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ چیئرمین نے کہا کہ واپڈا دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی تعمیر میں مقامی افراد کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ واپڈا کی ہر ممکن کوشش ہے کہ مقامی لوگوں کی معاشرتی اور سماجی ترقی کے ذریعے اُن کی زندگی میں مثبت تبدیلی لائی جائے، واپڈا پراجیکٹ ایریا میں متاثرین کی آباد کاری اور صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے لئے مختلف ترقیاتی سکیموں پر 78 ارب 50 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہا ہے۔

علاوہ ازیں پراجیکٹ پر مقامی افراد کو ترجیحی بنیادپر ملازمتوں کے مواقع بھی فراہم کئے جارہے ہیں، 272میٹر بلند دیا مر بھاشا ڈیم دُنیا کا بلند ترین آر سی سی (Roller Compacted Concrete)ڈیم ہے،پراجیکٹ کی تکمیل 2028 میں شیڈول ہے، ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 8.1 ملین ایکڑ فٹ ہے جس سے1.23ملین ایکڑ اراضی زیر کاشت آئے گی،4 ہزار 500 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل پراجیکٹ سے 18 ارب یونٹ سے زائد کم لاگت اور ماحول دوست بجلی قومی نظام کو مہیا کی جائے گی۔