کرغزستان میں ہنگامہ آرائی، وزارت خارجہ نے کرائسز مینجمنٹ یونٹ فعال کردیا

کرغزستان میں پاکستانی شہری اور ان کے اہل خانہ کرائسز مینجمنٹ یونٹ سے رابطہ کرسکتے ہیں، میڈیا کے سوالات کے لئے ترجمان کے دفتر سے رابطہ کریں۔ اعلامیہ فارن آفس

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 18 مئی 2024 16:22

کرغزستان میں ہنگامہ آرائی، وزارت خارجہ نے کرائسز مینجمنٹ یونٹ فعال ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی 2024ء ) نائب وزیر اعظم اوروزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار کی ہدایت پر وزارت خارجہ نے کرغزستان میں ہونے والے فسادات کے پیش نظر اپنا کرائسز مینجمنٹ یونٹ فعال کر دیا، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستانی سفارتخانہ مقامی حکام کے ساتھ رابطےمیں ہے، بشکیک میں طلبا پر حملے کے باعث تشویش ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کرغزستان میں پاکستانی شہری اور ان کے اہل خانہ دیئے گئے نمبروں 9203108-051، 9203094-051 اور ای میل [email protected] پر کرائسز مینجمنٹ یونٹ سے رابطہ کرسکتے ہیں، میڈیا کے سوالات کے لئے ترجمان کے دفتر سے رابطہ کریں۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ کرغزستان میں پاکستانی سفارتخانے کا پیغام موصول ہوا ہے، پاکستانی سفارتخانہ کرغز حکام سے رابطے میں ہے، پاکستانیوں کی حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے، جس کے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، اس سلسلے میں کرغزستان میں موجود پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے ایمرجنسی نمبرز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی سفیر کو طالب علموں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کردی، شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستانی سفیر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، اس دوران انہیں خود ہاسٹل کا دورہ کرکے طالب علموں سے ملاقات کرنے کا حکم دیتے ہوئے پاکستانی طلباءک و ہر ممکن مدد اور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم کا سفیر سے کہنا ہے کہ طالب علموں کے والدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور انہیں بروقت معلومات فراہم کرتے رہیں، سفارتخانہ زخمی طلباء کو طبی سہولیات فراہم کرے، جو زخمی طالب علم پاکستان واپس آنا چاہتے ہیں، ان کی واپسی کا انتظام کیا جائے، اخراجات حکومت برداشت کرے گی، اپنے طلبا کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، کرغزستان میں صورتحال کی خود نگرانی کر رہا ہوں، اس سلسلے میں ہماری حکومت کرغزستان کی حکومت کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔

پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم نے بتایا ہے کہ واقعے میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا، سفارتخانہ زخمی طلباء کی معاونت کر رہا ہے، اس وقت تک بشکیک میں موجود پاکستانی طلبہ حالات معمول پر آنے تک اپنے گھروں تک محدود رہیں، ہم مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہیں اور طلبہ کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔