کرغز سفارتخانے کے ناظم الامور کو ڈیمارش کیلئے دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا

ڈائریکٹر جنرل دفتر خارجہ نے کرغز سفارت خانے کے ناظم الامور کو کرغزستان میں پاکستانی طلبہ پر تشدد کی رپورٹس پر پاکستان کی جانب سے گہری تشویش سے آگاہ کیا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 18 مئی 2024 14:53

کرغز سفارتخانے کے ناظم الامور کو ڈیمارش کیلئے دفتر خارجہ طلب کرلیا ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 مئی 2024 ) کرغزستان میں پاکستانیوں سمیت غیرملکی طلبا کے خلاف تشدد کے واقعات کے بعد کرغز سفارتخانے کے ناظم الامور کو ڈیمارش کیلئے دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا، ڈائریکٹر جنرل دفتر خارجہ نے کرغز سفارت خانے کے ناظم الامور کو کرغزستان میں پاکستانی طلبہ پر تشدد کی رپورٹس پر پاکستان کی جانب سے گہری تشویش سے آگاہ کیا اور کہا کہ کرغز حکومت کو پاکستانی طلبہ کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے چاہیں۔

وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کرغز حکام نے انکوائری کرانے اور قصور واروں کو سزا دینے کا بھی وعدہ کیا ہے، کرغزستان میں پاکستانی سفارت خانے نے ہنگامی ہیلپ لائن کھول دی ہیں، سفارت خانے نے طلبا اور ان کے اہلخانہ کے سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان دنیا بھر میں ہم وطنوں کے تحفظ اور سلامتی کے معاملے کو سنجیدگی سے لیتی ہے اور ان کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دفتر خارجہ کو کرغزستان میں جاری صورت حال پر نظر رکھنے اور وہاں موجود پاکستانی شہریوں کی مکمل مدد اور انہیں سہولت فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔دریں اثناءوزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور پاکستانی طلباءکو ہر قسم کی مدد و معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے پاکستانی سفیر کو خود ہاسٹلز کا دورہ کر کے طلباءسے ملاقات کا بھی حکم دیا۔

اس موقع پر پاکستانی سفیر نے وزیراعظم کو صورتحال سے آگاہ کیا کہ واقعے میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا، سفارتخانہ زخمی طلباءکی معاونت کر رہا ہے۔وزیراعظم نے تاکید کی کہ طلباء کے والدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور ان کو بر وقت معلومات فراہم کرتے رہیں۔شہباز شریف نے ہدایت کی کہ زخمی طلباءکو ہر قسم کی طبی سہولیات فراہم کی جائے جو زخمی طلباءپاکستان واپس آنا چاہتے ہیں ان کی فوری واپسی کا انتظام کیا جائے، طلباءکی واپسی کے اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی۔