لاہور میں شہری حج پر روانگی سے چند گھنٹے قبل ڈاکوؤں کی گولی لگنے سے جاں بحق

مقتول فاروق کو حج کی ادائیگی کے لیے آج سعودی عرب روانہ ہونا تھا ان کا بیٹا کرنسی چینچ کرواکر گھر واپس پہنچا تھا کہ ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر روک لیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 19 مئی 2024 15:55

لاہور میں شہری حج پر روانگی سے چند گھنٹے قبل ڈاکوؤں کی گولی لگنے سے ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی 2024ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شہری حج پر روانگی سے چند گھنٹے قبل ڈاکوؤں کی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں پیش آیا جہاں ڈاکوؤں نے ڈکیتی مزاحمت پر باپ کو قتل کرکے بیٹے کو زخمی کردیا جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پروفیسر شعیب مقامی ایکسچینج سے کرنسی تبدیل کرواکر گھر واپس آرہے تھے کہ گھر کے قریب پہنچتے ہی 2 ڈاکوؤں نے انہیں گن پوائنٹ پر روک لیا، ڈاکوؤں نے ان سے کرنسی چھین لی اور مزاحمت پر فائرنگ کر دی، گھر میں موجود پروفیسر شعیب کے والد فائرنگ کی آواز سن کر باہر آئے تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے انہیں قتل کردیا، مقتول فاروق کو حج کی ادائیگی کے لیے آج سعودی عرب روانہ ہونا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس واردات کے دوران ڈاکو 6 ہزار 500 ریال لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، واقعے میں گولی لگنے سے پروفیسر شعیب زخمی ہوگئے جو کہ شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہیں، پروفیسر شعیب کی درخواست پر واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس میں قتل، ڈکیتی اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمہ درج کرنے کے بعد ڈاکوؤں کی تلاش شروع کردی گئی۔