qغزہ پر اسرائیلی حملوں میں شدت آگئی، مزید 86 فلسطینی شہید

گ*میزائل حملے میں فلسطینی مزاحمتی فورس کا کمانڈر شہید ،تین اسرائیلی یرغمالی ہلاک

اتوار 19 مئی 2024 18:30

ہ*مقبوضہ غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2024ء) غزہ کے رہائشی علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں شدت آگئی،تازہ بمباری میں مزید 86 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج نے پانی بھرنے کے لیے جمع فلسطینوں پر گولہ باری کردی جبکہ رفح سے انخلا کرنے والے خاندان کی گاڑی پر بھی ڈرون حملہ کیا۔اسرائیلی فوج نے جبالیہ اور نصیرات کیمپ پربھی بے دریغ بمباری کی، وسطی غزہ میں 3 بچوں سمیت 8، 4 فلسطینی خان یونس اور 3 فلسطینی رفح میں بھی شہید کیے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ غزہ میں چند گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں مزید 86 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ جمعے سے اب تک 120 سے زیادہ فلسطینی اسرائیلی فوج کے حملوں کا نشانہ بنے۔دوسری جانب مغربی کنارے کے جینن پناہ گزین کیمپ پر بھی اسرائیل نے میزائل حملہ کیا جس میں فلسطینی مزاحمتی فورس کا کمانڈر شہید اور 8 فلسطینی زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج کے حملوں سے شمالی غزہ میں 3 اسرائیلی یرغمالی بھی ہلاک ہوئے جن کی لاشیں برآمد کرلی گئی ہیں،ہلاک فوجیوں کی شناخت اسٹاف سارجنٹ ناچمن میر ہیم وکنین، نوم بٹن اور سارجنٹ میجر رن یاویٹز کے نام سے ہوئی۔

ناچمن اور نوم کا تعلق گیواتی بریگیڈ کے جاسوسی یونٹ سے تھا۔ دونوں رفح میں آپریشن میں مصروف تھے جب ایک سرنگ میں بم دھماکے کے نتیجے میں دونوں مارے گئے جبکہ ان کے ساتھ جاسوس یونٹ کے دیگر دو فوجی اور ایک افسر شدید زخمی ہوگئے،اس کے علاوہ ادھر لبنان میں اسرائیلی ڈرون حملے سے حزب اللہ رکن سمیت 2 افراد شہید ہو گئے۔اقوام متحدہ کے مطابق بمباری کا نیا نشانہ رفح سے انخلا کرنیوالے فلسطینیوں کی تعداد 8لاکھ تک جاپہنچی ہے۔