Live Updates

مریم نواز سے جاپانی سفیر کی ملاقات، تجارتی اور کاروباری روابط مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

پنجاب اور جاپان کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی وفود کے تبادلوں کا جائزہ لیا گیا، فیکلٹی پروگراموں کو فروغ دینے پر اصولی اتفاق ہوگیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 19 مئی 2024 18:45

مریم نواز سے جاپانی سفیر کی ملاقات، تجارتی اور کاروباری روابط مضبوط ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی 2024ء ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے جاپانی سفیر واڈا متسوہیرو نے ملاقات کی ہے، جس میں تجارت، کاروبار اور سرمایہ کاری کے روابط مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملاقات میں پنجاب اور جاپان کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی وفود کے تبادلوں کا جائزہ لیا گیا، اس دوران فیکلٹی پروگراموں کو فروغ دینے پر اصولی اتفاق ہوا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب اور جاپان تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے اشتراک کار کر سکتے ہیں، جاپانی کمپنیوں کیلئے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مفید مواقع موجود ہیں، پنجاب بڑی کنزیومر مارکیٹ کے طورپرابھر رہا ہے، پنجاب کی سکلڈ نوجوان افرادی قوت جاپانی اداروں میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتی ہے، دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے عوامی رابطے ناگزیر ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جاپان کے سفیر واڈا متسوہیرو نے کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ اشتراک کار کے لیے پرعزم ہیں، گیارہ پاکستانی طلبا کو ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی ڈگریوں کے لیے میکسٹ سکالرشپس پر جاپان میں زیر تعلیم ہیں، اس کے علاوہ پاکستان میں عوامی سماجی بہبود کے لیے جاپان کے متعدد پراجیکٹ جاری ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات