ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد ایرانی کابینہ کا ہنگامی اجلاس، صدر رئیسی کی نشست پر کالا کپڑا اور تصویر رکھ دی گئی

’ریاستی معاملات متاثر نہیں ہوں گے‘ ایرانی سپریم لیڈر کا پیغام، محمد مخبر کی بطور عبوری صدر تقرری کا اعلان کردیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 20 مئی 2024 12:17

ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد ایرانی کابینہ کا ہنگامی اجلاس، صدر رئیسی کی ..
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2024ء ) ایران میں پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت کے بعد ایرانی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں رئیسی کی نشست پر کالا کپڑا اور تصویر رکھ دی گئی، ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بعد اپنے بیان میں ایرانی عوام کو یقین دلایا ہے کہ ریاستی معاملات متاثر نہیں ہوں گے۔

مقامی میڈیا کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کے بعد ملک کے نائب صدر محمد مخبر کو 2 ماہ کے لیے ملک کا عبوری صدر نامزد کردیا گیا ہے، محمد مخبر کی بطور عبوری صدر تقرری کا اعلان ملک کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی منظوری کے بعد کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایران کے آئین کے تحت ملک میں 50 دن کے اندر دوبارہ صدارتی انتخاب کروایا جائے گا، اسلامی جمہوریہ ایران کے آئین کے آرٹیکل 131 کے تحت صدر کی موت کی صورت میں ان کا نائب قیادت کی منظوری سے اپنے اختیارات اور ذمہ داریاں سنبھالتا ہے اور اسمبلی کے سپیکر، عدلیہ کے سربراہ اور عبوری صدر زیادہ سے زیادہ 50 دنوں کے اندر نئے صدر کے انتخاب کا انتظام کرنے کے پابند ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں، ایرانی میڈیا نے ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے، صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ آج صبح مل جانے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ایرانی صدر اور ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کے بچ جانے کی امیدیں دم توڑ گئیں تھیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے تہران ٹائمز نے رپورٹ کیا ہے کہ ہیلی کاپٹرکو حادثہ تبریز سے 100 کلومیٹر دور پیش آیا جس میں گورنر تبریز بھی جاں بحق ہوئے ، ہیلی کاپٹر پوری طرح جل چکا ہے، جس کی وجہ سے کچھ لاشیں جل کر ناقابل شناخت ہوگئی ہیں، ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ پہاڑی سے ملا ، حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر میں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان سوار تھے، ایرانی صدر آذر بائیجان میں ڈیم کے افتتاح کے بعد واپس آ رہے تھے کہ ان کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا، حادثے کی وجہ بارش اور شدید دھند کو قرار دیا گیا ہے۔