پنجاب کے بعد سندھ میں بھی گرمیوں کی چھٹیاں وقت سے پہلے کرنے پر غور

اس سے پہلے اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق سکولوں میں تعطیلات کا آغاز یکم جون سے ہونا تھا

Sajid Ali ساجد علی پیر 20 مئی 2024 13:59

پنجاب کے بعد سندھ میں بھی گرمیوں کی چھٹیاں وقت سے پہلے کرنے پر غور
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2024ء ) صوبہ پنجاب کے بعد سندھ میں بھی گرمیوں کی چھٹیاں وقت سے پہلے کرنے پر غور شروع کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی سمیت سندھ میں ہیٹ ویو کے خطرات کے پیش نظر محکمہ تعلیم سندھ نے گرمیوں کی چھٹیاں وقت سے پہلے کرنے پر غور شروع کردیا ہے، سندھ کے اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات 22 مئی سے کرنے کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے، اس سے پہلے اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے تحت سکولوں میں تعطیلات کا آغاز یکم جون سے ہونا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ کراچی میں ممکنہ ہیٹ ویو کے پیش نظر نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں، اب 21 سے 27 مئی کے درمیان میٹرک بورڈ کے پرچے نہیں ہوں گے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، وزیر برائے تعلیمی بورڈز اور جامعات کے حکم پرمیٹرک بورڈ کراچی نے امتحانات ملتوی کیے، اب میٹرک بورڈ کے امتحانات 28 مئی سے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

(جاری ہے)

اسی طرح کراچی سمیت سندھ بھر میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی بھی کیے جا چکے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر جامعات و بورڈز محمد علی ملکانی کی سفارش پر انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی کرنے کی منظوری دی، جس کے تحت انٹر کے امتحانات اب 22 مئی کی بجائے 27 مئی سے شروع ہوں گے، یونیورسٹیز اینڈ بورڈ نے امتحانات کی تاریخ تبدیل کرنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔

دوسری طرف گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے صوبہ پنجاب میں موسم گرما کی تعطیلات میں اضافہ کردیا گیا ہے،اس سے قبل یکم جون سے گرمیوں کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا لیکن گرمی کی شدت بڑھنے کے باعث اب سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا آغاز یکم جون کی بجائے 25 مئی سے ہوگا جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، موسم کی شدت کی وجہ سے 7 اضافی چھٹیاں ہوں گی، جن سکولوں میں امتحانات ہو رہے ہیں وہاں سکولوں میں چھٹیاں نہیں ہوں گی۔