vبھارت میں ووٹنگ کے پانچویں مرحلے کا آغاز،4 جون کوگنتی ہوگی

ؤممبئی اور گاندھی خاندان کے گڑھ میں8.9 کروڑ ووٹرز 49 نشستوں کے لیے نمائندوں کا انتخاب کریں گے

پیر 20 مئی 2024 18:15

ٓ نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2024ء) بھارت میں عام انتخابات کے پانچویں مرحلے میں ووٹنگ کا آغاز ہوگیا، اس مرحلے میں مالیاتی دارالحکومت ممبئی اور اپوزیشن پارٹی گاندھی خاندان کے گڑھ میں الیکشن منعقد کیے جائیں گے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق دنیا کا سب سے بڑا الیکشن 19 اپریل کو شروع ہوا اور یکم جون کو اختتام پذیر ہوگا، ووٹوں کی گنتی 4 جون کو کی جائے گی۔

پیر کو شروع ہونے والے مرحلے میں سب سے چھوٹی نشستوں پر مقابلہ کیا جا رہا ہے، جس میں 8.9 کروڑ ووٹرز 49 نشستوں کے لیے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔اس مرحلے میں کئی ہائی پروفائل امیدوار میدان میں ہیں جن میں لکھنؤ سے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور ممبئی سے وزیر تجارت پیوش گوئل شامل ہیں، یہ ایسے شہر ہیں جہاں ماضی میں ووٹروں کی تعداد کم رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ ہفتے شہر میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے کہا تھا کہ ممبئی کے لیے ہمارے ویژن کا مرکز بہتر انفراسٹرکچر اور رہنے کی آسانی فراہم کرنا ہے۔سیاسی طور پر اہم ریاست اتر پردیش میں کانگریس پارٹی کے نہرو-گاندھی خاندان کے 2 حلقوں میں بھی انتخابات ہونے جا رہے ہیں، راہول گاندھی جنوبی وایناڈ کے علاوہ رائے بریلی کی سیٹ سے بھی انتخاب لڑ رہے ہیں، وایناڈا میں پہلے ہی انتخابات ہوچکے ہیں۔خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر سمرتی ایرانی امیٹھی سے الیکشن لڑ رہی ہیں، 2019 میں، انہوں نے راہول گاندھی کو اس نشست پر شکست دی تھی جو گزشتہ 4 دہائیوں سے ان کے خاندان کا گڑھ تھا۔