ایرانی صدر کی فضائی حادثے میں ہلاکت پر یو این چیف کا اظہار غم

یو این پیر 20 مئی 2024 22:45

ایرانی صدر کی فضائی حادثے میں ہلاکت پر یو این چیف کا اظہار غم

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 20 مئی 2024ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش اور سلامتی کونسل کے ارکان نے ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کی وفات پر ملک کے عوام اور حکومت سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر گزشتہ روز ملک کے شمال مغربی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس حادثے میں ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور چھ دیگر افراد بھی ہلاک ہو گئے۔

Tweet URL

سیکرٹری جنرل کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں تمام متوفین کے اہلخانہ، ایران کی حکومت اور لوگوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

سلامتی کونسل کے صدر موزمبیق کے نمائندے پیڈرو کومیساریو افونسو کی قیادت میں کونسل کے ارکان نے اپنے 9629ویں اجلاس کے آغاز سے قبل اس حادثے پر دکھ اور افسوس کے اظہار کے لیے خاموشی اختیار کی۔

اطلاعات کے مطابق صدر رئیسی کی نماز جنازہ منگل کو ادا کی جائے گی۔ ملک بھر میں سرکاری سطح پر سوگ منانے کا اعلان کیا گیا ہے اور اس موقع پر ملک بھر میں تمام ثقافتی تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں۔

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں جوہری سلامتی پر ہونے والے اجلاس میں جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے (آئی اے ای اے) کے سربراہ رافائل گروسی نے بھی ابراہیم رئیسی اور دیگر متوفین کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

'آئی اے ای اے' کے معائنہ کار ایران کے جوہری پروگرام کو غیرفوجی مقاصد تک محدود رکھنے کے لیے سالہا سال سے اس کی جوہری تنصیبات پر مقامی حکام کے ساتھ کام کرتے آ رہے ہیں۔