دنیا بھر میں حکومتی نظام میں لوکل گورنمنٹ کو اہم ستون مانا جاتا ہے بدقسمتی سے ہمارے ملک میں یہ نظام مضبوط نہ ہوسکا، امجدرشید

بلوچستان میں لوگوں کو یونین کونسل اور ضلع کی سطح پر بنیادی سہولیات میسر نہ ہونے سے بہت سی مشکلات کا سامنا ہے،سابق نگران صوبائی وزیر

پیر 20 مئی 2024 22:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2024ء) سابق نگران صوبائی وزیر امجد رشید نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں حکومتی نظام میں لوکل گورنمنٹ کو اہم ستون مانا جاتا ہے ، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں یہ نظام مضبوط نہ ہوسکا، بلوچستان میں لوگوں کو یونین کونسل اور ضلع کی سطح پر بنیادی سہولیات میسر نہ ہونے سے بہت سی مشکلات کا سامنا ہے ایسے میں اگر اس بلدیاتی نظام کو مضبوط نہ کیا گیا تو یہ مسائل کبھی حل نہیں ہوں گے۔

یہ بات انہوں نے پیر کو بلوچستان ہائیکورٹ کے احاطے میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں حکومتی نظام میں لوکل گورنمنٹ کو اہم ستون مانا جاتا ہے ، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں یہ نظام مضبوط نہ ہوسکا۔انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے تحت مالی و انتظامی اختیارات صوبے کو منتقل ہوئے ہیں ، بطور سول سوسائٹی کے نمائندہ عدالت عالیہ سے رجوع کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حمل امجد ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم نے بلوچستان ہائیکورٹ میں بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010ء پر عملدرآمد کیلئے آئینی درخواست دائر کی ہے جس میں ہم نے استدعا کی ہے کہ مالی اور انتظامی اختیارات مقامی حکومت کو منتقل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد تمام اختیارات صوبے کو منتقل ہوئے ہیں تاہم صوبے میں یہ اختیارات مقامی نمائندوں تک منتقل نہیں ہوئے جس پر آئینی درخواست دائر کی ہے ، 2016ء سے 43 بلین روپے کی رقم کا اجراء تاخیر کا شکار ہے ہم نے عدالت سے مذکورہ رقم جاری کرنے کی استدعا بھی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پی ایس ڈی پی میں بہت سے ایسے منصوبہ شامل کررہی ہے جو اس کے دائرہ کار میں نہیں ، ان منصوبوں کا تعلق لوکل گورنمنٹ سے ہے ہم عدالت سے استدعا کریں گے کہ ان منصوبے کے فنڈز لوکل گورنمنٹ کو منتقل کئے جائیں۔