پاکستان پیپلز پارٹی بلوچ بیلٹ میں اپنی جگہ بنا چکی ہے ،شمس حمزہ زئی

امید ہے کہ پارٹی میں شمولیت اختیار کر نے والے ساتھی ضلعی شیرانی میں پارٹی کو فعال و مضبوط کر نے میں اپنا کر دارادا کریں گے ،صوبائی نائب صدرپی پی

پیر 20 مئی 2024 22:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی نائب صدر شمس حمزہ زئی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچ بیلٹ میں اپنی جگہ بنا چکی ہے ، امید ہے کہ پارٹی میں شمولیت اختیار کر نے والے ساتھی ضلعی شیرانی میں پارٹی کو فعال و مضبوط کر نے میں اپنا کر دارادا کریں گے ۔ یہ بات انہوں نے پیر کوحافظ حاجی منہاج الدین شیرانی،ملک حمید کاکڑ، وارث محمود خان اچکزئی کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔

شمس حمزہ زئی نے کہا کہ آج بھی ضلع شیرانی بنیا دی سہو لیات سے محروم ہے شیرانی سے تعلق رکھنے والے حافظ منہاج الدین کو پارٹی میں شمولیت اختیار کر نے پر ویلکم کہتے ہیں امید ہے کہ وہ شیرانی میں پارٹی کو فعال و مضبوط کر نے میں اپنا کر دارادا کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد شہید ذو الفقار علی بھٹو نے رکھی جس کے بعد پارٹی نے اتار چڑھائوبھی دیکھے لیکن 8فروری کے انتخابات میں جس طرح پیپلز پارٹی کے امید واروں سے انکا مینڈیٹ چھینا گیا وہ سب کو یاد ہے ۔

اس موقع پر پارٹی میں شمو لیت اختیار کر نے والے حافظ منہاج الدین شیرانی نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام سے سے وابستگی ختم کر کے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے ، پیپلزپارٹی ہمیشہ مظلوم طبقے کی آواز بنی ہے پارٹی کو شیرانی میں فعال کر نے میں اپنا کر دار ادا کریں گے ۔