گندم کی درآمدات میں ملوث افراد کوگرفتار کیا جائے،کسان رابطہ کمیٹی

حکومت فوری طور پر کاشتکاروں سے گندم خریدے، حکومت کی جانب سے گندم کی خریداری نہ کرنے کے خلاف پاکستان کسان رابطہ کمیٹی کی کال پر ملک بھر میں کسانوں نے حکومت مخالف مظاہرے کئے

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 22 مئی 2024 10:41

گندم کی درآمدات میں ملوث افراد کوگرفتار کیا جائے،کسان رابطہ کمیٹی
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 مئی 2024 ) پاکستان کسان رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ گندم کی درآمدات میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے ، نجی شعبے کو گندم درآمد کرنے کی اجازت دینے کی پالیسی واپس لی جائے،حکومت فوری طور پر کاشتکاروں سے گندم خریدے، حکومت کی جانب سے گندم کی خریداری نہ کرنے کے خلاف پاکستان کسان رابطہ کی کال پر ملک بھر میں کسانوں نے حکومت مخالف مظاہرے کئے ۔

لاہور میں مال روڈ چیئرنگ کراس پر خواتین اور نواجونواں سمیت سینکڑوں کسان جمع ہوئے جبکہ ڈیرہ غا ز ی خا ن ، و ہا ڑ ی ، ملتا ن ، پا ک پتن ، خا نیو ا ل ، بہا و ل نگر ، چشتیا ں ، جھنگ ، قصو ر ، جا م پو ر ، چشتیا ں ، بہاولپور اور دیگروں شہروں میں بھی کسان حکومت کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔

(جاری ہے)

کسانوں کا کہنا تھا کہ حکومت نے ان سے گندم نہیں خریدی جس کی وجہ سے غلہ منڈی کریش کر گئی ہے جس کے نتیجے میں کاشتکار اگلی فصل کاشت کرنے کے قابل نہیں رہے۔

اسی طرح سندھ میں بھی کسان میر پور خاص ، دادو ، سانگھڑ ، شکار پور ،نواب شاہ،شہداد کوٹ ،نوشہرہ فیروز ودیگر شہروں میں سڑکوں پر نکل آئے کسانوں نے حکومت کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔کسانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کاشتکاروں سے گندم خریدے اور بحران میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کے مختلف شہروں میں بھی کسانوں نے حکومت کیخلاف ریلیاں نکالیں اور مظاہرے کئے ۔

کسانوں کا کہنا تھا کہ گندم کی خریداری شروع نہ ہونے سے کسان کم قیمت پر گندم فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔لاہور میں ہونے والے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کسان رابطہ کمیٹی کے جنرل سیکریٹری فاروق طارق نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر کاشتکاروں سے گندم خریدی جائے۔انہوں نے اپنے مطالبات کا چارٹر پیش کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں سے گندم کی خریداری، فصل آنے سے قبل گندم کی درآمدات میں ملوث افراد کوجلد از جلد گرفتاری کیا جائے۔

ہم کسان مخالف پالیسیوں کو مسترد کرتے ہیں۔گندم سکینڈل کے باعث متاثرہ کسانوں کیلئے ز ر تلافی کا اعلان جلد از جلد کیا جائے ۔گندم کی اونے پونے داموں خریداری سے کسانوں کا استحصال کیا جا رہا ہے۔ جب تک حکومت ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کرتی ہم احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔