زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرکے غذائی استحکام حاصل کیا جا سکتا ہے، ڈاکٹراقراراحمد خان

بدھ 22 مئی 2024 11:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) کاشتکاری ایک مقدس پیشہ ہے تاہم پاکستان میں اسے منافع بخش بنانے کیلئے اصلاحات کرنے کیساتھ ساتھ جدید رحجانات کوبھی فروغ دینا ہو گا،زرعی سائنسدانوں کوچاہیے کہ وہ کاشتکاروں کے مسائل کے حل پر مبنی تحقیقات عمل میں لیکر آئیں تاکہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے غذائی استحکام حاصل کیا جا سکے ۔

(جاری ہے)

جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں زراعت میں جدت لانا ہوگی تاکہ زرعی و دیہی ترقی کو یقینی بناتے ہوئے کاشتکاروں کی معاشی حالت بہتر ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے افسران کی استعداد کار بڑھانے کیلئے جامعہ ہذامیں تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیاجس میں بہترین ماہرین کی جانب سے تربیت فراہم کی گئی۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار کی دہلیز تک جدید ٹیکنالوجی کو پہنچانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ کاشتکار اس سے مستفید ہو کر فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکیں۔