فیصل آباد،کاشتکاروں کو دھان کی کاشت یکم سے 20جون تک مکمل کرنے کی ہدایت

بدھ 22 مئی 2024 14:04

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کاشتکاروں کو دھان کی کاشت یکم سے 20جون تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ریتلی زمینوں کے علاوہ تمام اقسام کی زمینوں کو دھان کی کاشت کے لئے موزوں قرار دے دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھان کی فصل کو ریتلی زمینوں کے علاوہ تمام قسم کی زمینوں پر کاشت کیا جاسکتا ہے جبکہ کاشتکار دھان کی منظور شدہ موٹی اقسام کے ایس 282،نیاب اری 9،اری 6،کے ایس کے434،پی کے 386،نیاب 2013اور ہائی برڈ اقسام وائے26،پرائیڈ 1، شہنشاہ 2اور پی ایچ بی71 وغیرہ کی کاشت 15جون اور باسمتی اقسام پی ایس 2، سپر باسمتی، باسمتی 385، باسمتی 2000اور باسمتی 515وغیرہ کی کاشت یکم جون سے 20جون تک مکمل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ پنجاب زرعی پیسٹ آرڈیننس 1959کے تحت 20مئی سے پہلے اس وجہ سے پنیری کی کاشت ممنوع تھی کیونکہ دھان کے تنے کی سنڈیاں سرمائی نیند سو کر گزارنے کے بعدمارچ کے آخر اور اپریل کے شروع میں پروانے بن کر نکلتے ہیں لہٰذااگر اس دوران دھان کی پنیری کاشت کی گئی ہو تو پروانے ان پر انڈے دے کر اپنی نسل کا آغاز کردیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکاردھان کی فصل کو بکائنی اور پتوں کے بھورے دھبے جیسی بیماریوں سے بچانےکے لئے مناسب پھپھوند کش زہرکاشت سے 2ہفتے قبل بیج کو لگائیں اوراچھی پیداوار کے حصول کے لئے خالص، صحت مند اور بیماریوں سے محفوظ بیج استعمال کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ اس مقصد کے لئے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے منظور شدہ ڈیلرز، زرعی تحقیقاتی ادارہ دھان کالا شاہ کاکو اور مختلف پرائیویٹ کمپنیوں سے بھی بیج حاصل کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :