بھارت بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں، ہیٹ ویو کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری

موسم کی صورتحال کے باعث ہیٹ ویو کے اثرات رواں ہفتے بھی رہیں گے،محکمہ موسمیات

جمعرات 23 مئی 2024 15:14

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2024ء) پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، دارالحکومت دہلی اور شمالی بھارت کے علاقوں میں ہیٹ ویو کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد ہو گیا، آئندہ چند روز تک درجہ حرارت اس سے بھی اوپر جانے کا امکان ہے، موسم کی صورتحال کے باعث ہیٹ ویو کے اثرات رواں ہفتے بھی رہیں گے۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے دہلی، پنجاب، ہریانہ، راجستھان، چندی گڑھ اور مغربی اترپردیش کیلئے ریڈ الرٹ جاری کر دیا، دہلی میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے پر حکام نے سکولوں کو بند کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مروٹنجے موہاپترا نے موسمی تبدیلی پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عوام کیلئے ریڈ الرٹ جاری کرنا ضروری تھا، ہیٹ ویو کو اگر سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو یہ اموات اور بیماریوں کو سبب بنتا ہے، شدید گرمی کے سبب ہیٹ سٹروک کا بھی خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر موہاپترا نے مزید کہا کہ کمزور افراد کا خصوصی خیال رکھا جائے اور شہریوں کو اگر پیاس نہ بھی لگے تو زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کرنا چاہیے، شہریوں کو چھاں میں رہنا چاہیے اور پانی کافی استعمال کرنا چاہیے تاکہ ڈی ہائیڈریشن نہ ہو۔بھارتی محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر نے کہا کہ گرمی سے جانور، زمینی ٹرانسپورٹ اور توانائی کی ترسیل بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے، گرمی کی اس لہر میں بجلی کی ڈیمانڈ بہت بڑھ گئی اور گزشتہ روز دہلی میں بجلی کی ڈیمانڈ پیک پر پہنچ گئی تھی۔