Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب نے تندوری روٹی کی قیمت میں مزید ایک روپیہ کمی کا اعلان کردیا

پنجاب میں روٹی کی قیمت آج مزید کم کر دی ہے، افسوس کہ پی ٹی آئی حکومت کے غلط فیصلوں نے روٹی کو غریب کی پہنچ سے باہر کر دیا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 23 مئی 2024 20:20

وزیراعلیٰ پنجاب نے تندوری روٹی کی قیمت میں مزید ایک روپیہ کمی کا اعلان ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی 2024ء) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں تندوری روٹی کی قیمت میں مزید ایک روپے کی کمی کا اعلان کردیا ہے۔ ایکس پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ الحمدُللّہ ہم نے پنجاب میں روٹی کی قیمت آج مزید کم کر دی ہے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کے غلط فیصلوں نے روٹی کو غریب کی پہنچ سے باہر کر دیا تھا۔

اس سے پہلے پنجاب بھر میں وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر روٹی کی قیمت 20 روپے سے کم کرکے 16 روپے اور نان کی قیمت 30 روپے سے کم کرکے 20 روپے کی گئی تھی، پھر اس کے بعد وزیراعلیٰ کی جانب سے روٹی کی قیمت مزید کم کر کے 15 روپے مقرر کر گئی دی تھی۔ اب پنجاب بھر میں روٹی کی قیمت میں مزید کمی کردی گئی ہے، لاہور سمیت کئی شہروں میں 100 گرام کی تندوری روٹی کی قیمت 14 روہے اور کچھ شہروں میں روٹی کی قیمت 13 روپے مقرر کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل وزیراعلیٰ کے سخت احکامات پر ضلعی انتظامیہ نے عملدرآمد کو یقینی بنایا۔ اسی طرح باقی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف گندم، آٹے اور روٹی کی قیمت میں کمی کے بعد اب گندم سے بننے والی بیکری آئٹمز اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی کمی کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف مل سکے۔

مزید برآں وزیر اعلی مریم نوازشریف سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے ملاقات کی۔ جس میں پنجاب میں ڈویلپمنٹ اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے اشتراک کار پر اتفاق کیا گیا۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بننا آسان نہیں تھا بلکہ چکی پیسنے کی مشقت کے مترادف تھا، معاشرے کے محروم طبقات کابرے حالات سے گزرنا میرے لیے بہت تکلیف دہ ہے، اقتدار سنبھالنے پر محسوس ہوا ہم عوام کی ضروریات کے بنیادی امور میں بھی بہت پیچھے ہیں، سابق دور میں فری میڈیسن پروگرام ظالمانہ طور پر بند کیا گیا۔

13کروڑ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بہت بڑا بجٹ چاہیے،ریونیوجنریشن پر پوری توجہ، ٹیکس نہیں، ٹیکس نیٹ ورک کو بڑھائیں گے۔ ہیلتھ، ایجوکیشن، انفراسٹرکچر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر کام تیزی سے جاری،پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج اور ڈرینج کا پائیدار نظام وضع کیا جارہا۔ مہلک امراض میں مبتلا دو لاکھ مریضوں کو ان کی دہلیز پر میڈیسن پہنچارہے ہیں، ہر ضلع میں علاج کی سہولتیں دیں گے تاکہ کسی مریض کو دوسرے شہر نہ جانا پڑےنوجوانوں کی سکل ڈویلپمنٹ کیلئے ٹیوٹا سے آئی ٹی کورسز کرائے جارہے ہیں، نوازشریف آئی ٹی سٹی کو10سال تک ٹیکس فری کررہے ہیں۔

کسانوں کیلئے جامع کسان کارڈ،سولر انرجی سے مستفید ہونے کیلئے پراجیکٹ جاری ہے، لوکاسٹ ہاؤسنگ سکیم کے تحت عام آدمی کو اپنی چھت میسر ہوگی، عوام کی خدمت کرنا پسند ہے، ہرشام خوشی سے سرشار گھر جاتی ہوں۔ اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے کہا کہ پنجاب دیکھنے کا اشتیاق تھا، مریم نواز کو وزیر اعلیٰ دیکھ کر حقیقی تبدیلی کا خوشگوار حساس ہوا، عورت کی حیثیت سے مریم نواز عوامی مسائل کو بہتر طریقے سے سمجھ اور حل کرسکتی ہیں۔ پنجاب کو ترقی کے سفر میں بھرپور سپورٹ کررہے ہیں، خوشحال دیکھنا اچھا لگے گا،ترقی اور خوشحالی کے سفر میں پنجاب کے پارٹنر بننا چاہتے ہیں۔
Live بجٹ سے متعلق تازہ ترین معلومات