Live Updates

پنجاب کابینہ نے عمران خان اور دیگر کیخلاف قانونی کارروائی کی منظوری دے دی

ریاستی اداروں کیخلاف نفرت انگیز بیانیہ بنانے پر کاروائی کی جائے گی، کابینہ نے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور پنجاب ایگریکلچرفود اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی آسامیوں پر ڈائریکٹرجنرلز کی تعیناتی کی منظوری بھی دی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 24 مئی 2024 19:02

پنجاب کابینہ نے عمران خان اور دیگر کیخلاف قانونی کارروائی کی منظوری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی2024ء) پنجاب کابینہ نے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانیہ پرعمران خان نیازی اور دیگر کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری دیدی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 8واں اجلاس منعقد ہوا۔ کابینہ نے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی خان،بورڈ آف راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دو ٹیکنیکل ایکسپرٹس طاہر مسعود اور شیخ محمد محمودکی نامزدگی کی منظوری دیدی ہے۔

کابینہ نے پامکو (PAMCO) اور ایرانی کمپنی ایم ایم آئی سی کیساتھ سیٹلمنٹ کی منظوری دی۔ اجلاس میں 12 رکنی کابینہ سٹینڈ نگ کمیٹی برائے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی تشکیل نو کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے پنجاب رورل سسٹین ایبل واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن کیلئے اسد اللہ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے تعیناتی کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

سرگودھا میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں پنجاب انوائرمنٹ اینڈ کلائمنٹ چینچ انڈومنٹ فنڈ کمپنی کے قیام کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے پنجاب انوائرمنٹ انڈوومنٹ فنڈ کے لئے کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت کمپنی کی منظوری دی۔ دوران ملازمت وفات پانے والے پی ایس پی پولیس افسران کے اہل خانہ کے لئے مالی امداد کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے پنجاب فرنزک سائنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کی آسامی کے لیے ڈاکڑ امجد اور پنجاب ایگریکلچر فود اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی آسامی کے لیے ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا کی تعیناتی کی بھی منظوری دی۔

صوبائی وزراء،چیف سیکرٹری،آئی جی اور متعلقہ سیکریٹریز اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملک کے سب سے بڑے ملتان روڈ انٹر چینج کا افتتاح کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے تکمیل کے بعد رنگ روڈسدرن لوپ تھری کا بھی باقاعدہ آغاز کر دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ایک ماہ کے لئے ایس ایل تھری پر ٹول ٹیکس معاف کرنے کی ہدایت کی ہے،شہری مفت سفر کرسکیں گے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایس ایل فور پراجیکٹ کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اڈا پلاٹ سے ملتان روڈ انٹر چینج تک روڈ کا جائزہ لیا اور لاہور رنگ روڈ  کے ملتان روڈانٹر چینج کا معائنہ کیا۔ صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرت نے وزیر اعلی مریم نواز کو پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایس ایل تھری ملتان روڈ انٹر چینج پنجاب کا سب سے بڑا انٹر چینج ہے۔

جنوب سے آنے والی ٹریفک8 کلومیٹر طویل لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پر چند منٹ میں ائیر پورٹ پہنچ سکے گی۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ایس ایل تھری بننے سے شہر کی اندرونی روڈ پر رش کم ہوگا۔ایس ایل تھری لاہور میں ٹریفک مینجمنٹ کیلئے بہت اہم ہے۔ ٹھوکر اور کینال روڈ پر بھی ٹریفک رش کم ہوگا۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور ٹیم کی کاکردگی کو سراہا۔ سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگ زیب، ایم این ایز افضل کھوکھر، رانا مبشر اقبال، ایم پی اے ملک انس،معاون خصوصی ذیشان ملک،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان،آئی جی ڈاکٹر عثمان انور، کمشنر زید بن مقصود، ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات