وقت ختم ہو رہا، یرغمالیوں کو واپس لایا جائے، اسرائیلی اپوزیشن لیڈر

حکومت زندہ ہوں یا نہیں یرغمالیوں کی واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے،اسرائیلی وزیراعظم

ہفتہ 25 مئی 2024 12:02

وقت ختم ہو رہا، یرغمالیوں کو واپس لایا جائے، اسرائیلی اپوزیشن لیڈر
تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2024ء) اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اسے سات اکتوبر کو حماس کی جانب سے یرغمال بنائے گئے تین یرغمالیوں کی لاشیں غزہ کی پٹی سے ملی ہیں۔ اس کے بعد اسرائیلی شہریوں میں یرغمالیوں کے تحفظ اور واپسی کے حوالے سے تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائر لاپڈ نے بھی اس حوالے سے انتباہ کیا ۔

یائر لاپڈ نے ایکس پر کہا کہ تین قیدیوں کی لاشیں ملنے کی خبر پر بہت صدمہ ہوا۔ انہوں نے تینوں قیدیوں حنان یابلونکا، مشیل نیسنبام اور اورین ہرنینڈز کی تصویر کے اوپر لکھا کہ یہ چونکا دینے والی اور تکلیف دہ خبر دل دہلا دینے والی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 125 مغوی اب بھی غزہ میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی بازیابی کے امکانات وقت کے ساتھ کم ہوتے جارہے ہیں۔

انہیں جلد از جلد واپس لانے کے لیے سب کچھ کیا جانا چاہیے۔ قیدیوں کے تبادلے کے مذاکرات کی طرف واپس جانے کی ضرورت ہے۔دریں اثنا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ حکومت زندہ ہوں یا نہیں یرغمالیوں کی واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ حالیہ عرصے کے دوران اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائر لاپڈ نے نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف سخت ترین تنقید کی ہے۔ انہوں نے جنگ میں ناکامی اور اپنے یرغمالیوں کو واپس لانے میں ناکامی پر نیتن یاھو سے اقتتدار چھوڑ دینے کا مطالبہ بھی کیا ۔