زینب جمیل نے اپنے اوپر قاتلانہ حملے کا الزام شوہر پر عائد کر دیا

میری جان کو خطرہ ہے اور میری مدد کی جائے۔ آئی جی پنجاب نوٹس لیں اور میرے کیس کی تفتیش کو شفاف بنایا جائے، میرا شوہر 2 ماہ سے مجھے دھمکیاں دے رہا تھا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 25 مئی 2024 16:30

زینب جمیل نے اپنے اوپر قاتلانہ حملے کا الزام شوہر پر عائد کر دیا
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 مئی 2024 ) لاہور کے علاقے ڈیفنس میں قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والی سابقہ اداکارہ و ماڈل زینب جمیل نے اپنے اوپر قاتلانہ حملے کا الزام شوہر پر عائد کر دیا،میری جان کو خطرہ ہے اور میری مدد کی جائے۔ آئی جی پنجاب نوٹس لیں اور میرے کیس کی تفتیش کو شفاف بنایا جائے۔زینب جمیل کا کہنا تھا کہ میرا شوہر 2 ماہ سے مجھے دھمکیاں دے رہا تھا، مجھے دھمکی آمیزپیغامات بھی دئیے گئے تھے، میرے پاس ثبوت ہیں، پولیس کی تفتیش سے مطمئن نہیں ہوں۔

میرے دو چھوٹے بچے ہیں۔ میری مدد کی جائے۔ آئی جی پنجاب اس واقع کا فوری نوٹس لیں اور میری تفتیش کو شفاف بنایا جائے۔زینب جمیل کا کہنا ہے کہ مجھے 6 گولیاں لگی ہیں، میری حالت بہت خراب ہے میری مدد کی جائے۔خیال رہے کہ دو روز قبل لاہور کے علاقے ڈیفنس میں بیوٹی پارلر کے باہر سابقہ اداکارہ و ماڈل زینب جمیل پرقاتلانہ حملہ کیاگیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئیں تھیں۔

(جاری ہے)

موٹر سائیکل پر سوار دو حملہ آوروں کو زینب جمیل پر اس وقت فائرنگ کی تھی جب وہ اپنے سیلون کے سامنے اپنی گاڑی سے اتر رہی تھیں۔ ملزمان فائرنگ کر کے فرار ہوگئے، اس واقعے میں زینب کو 6 گولیاں لگیںتھیں۔پولیس نے زینب جمیل کے ماموں کی مدعیت میں دو نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیاتھا۔قاتلانہ حملے میں زخمی زینب جمیل کا اس سے قبل کہنا تھا کہ انہیں فون پر بھی سنگین دھمکیاں مل رہی تھیں ۔

انہیں دھمکی آمیز خطوط بھی بھیجے گئے۔ تاہم وہ ملزمان کو نہیں جانتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے کچھ افراد پر شبہ ہے جن کا نام پولیس کو بتا چکی ہوں، یہ کوئی ڈکیتی کی واردات نہیں مجھ پر حملہ ہوا ہے۔ انہوں نے اپنے شوہر پربھی شبہ ظاہر کیا۔ یاد رہے کہ اداکارہ اور ان شوہر کے درمیان 2 سال سے اختلافات چل رہے ہیں۔پولیس نے زینب جمیل کے ماموں کی مدعیت میں 2 نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں، ملزمان کا جلد سے جلد سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔