ڈائریکٹر زراعت توسیع بہاولپورڈویژن محمد جمیل غوری کا بہاولپور، لیاقت پور،خان پور،باغ و بہار اور چولستان کا دورہ

اتوار 26 مئی 2024 16:00

احمدپورشرقیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2024ء) ڈائریکٹر زراعت توسیع بہاولپورڈویژن محمد جمیل غوری نے بہاولپور، لیاقت پور،خان پور،باغ و بہار اور چولستان کا دورہ کیا اور کاشتکاروں کے اجتماع میں شرکت کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کپاس کی کاشت آخری مرحلہ میں ہے ،کاشتکار جلد از جلدکپاس کی کاشت مکمل کریں۔اس موقع پرچک نمبر 144/7R میں کاشتکاروں نے بتایا کہ کپاس کی کاشت کے لیے کھیت تیار ہیں لیکن نہری پا نی کی عدم دستیابی کے باعث کاشت کے مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے مقامی ضلعی انتظامیہ و محکمہ انہار کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن میں ہیں۔جن علاقوں میں نہری پانی کی دستیابی کا مسئلہ ہو کاشتکار فوری اطلاع دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار اپنی کاشتہ فصل کی دیکھ بھال پر بھرپور توجہ دیں۔

(جاری ہے)

موجودہ ہیٹ ویو کے پیش نظر ہلکی آبپاشی ضرورکریں تاکہ فصل گرمی کی لہر کے مضر اثرات سے بچ سکے۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی مینجمنٹ کا مرحلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔کاشتکار فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی یقینی بنائیں کیونکہ یہ نقصان رساں کیڑوں و بیماریوں کی آماجگاہ ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سفید مکھی کے کنٹرول کیلئے ییلو سٹکی کارڈز لگائیں جبکہ گلابی سنڈی کی مانیٹرنگ کیلئے جنسی پھندے لگائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ بہاولپور ڈویژن میں 16 لاکھ 45 ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت ہوچکی ہے۔فیلڈ سٹاف کاشتکاروں کی رہنمائی کے سلسلہ میں زرعی سرگرمیاں مزید تیز کرے اور کاشتکاروں کا ڈیٹا بھی درست انداز میں مرتب کرے۔

متعلقہ عنوان :