گورنر سندھ کی طلعت حسین کی رہائش گاہ آمد ، ان کے صاحبزادے اشعر حسین ، بیوہ اور اہل خانہ سے اظہارتعزیت

اتوار 26 مئی 2024 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری معروف اداکار طلعت حسین کی رہائش گاہ پہنچے، گورنر سندھ نے طلعت حسین کے انتقال پر ان کے صاحبزادے اشعر حسین ، بیوہ اور اہل خانہ سے اظہارتعزیت اور دعائے مغفرت کی۔ گورنرہائوس سے اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے طلعت حسین کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج افسردہ دل کے ساتھ اس ملک کی مایہ ناز شخصیت کے گھر آیا ہوں، طلعت حسین کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ طلعت حسین جب بیمار تھے تب بھی رابطے میں تھا، انہوں نے کبھی کوئی کام نہیں بتایا، سب کو تعزیت کے لیے یہاں آنا چاہیے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ طلعت حسین فلم اور ڈرامے کی کامل شخصیت تھے، انہوں نے پوری زندگی فن کے نام کی، افسوس ہے ان کی زندگی میں ان کے لیے کچھ نہیں ہوسکا جس کے وہ حقدار تھے، اہل خانہ اور ان کے تمام چاہنے والوں سے تعزیت کرتا ہوں، آج وہ ہم میں نہیں رہے، ان کا خلا پر نہیں ہوسکتا، کیونکہ ان کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا، بحیثیت گورنر ان کے خاندان کے دکھ میں شریک ہوں اور ان کے ساتھ کھڑا ہوں، طلعت بھائی کے گھروالوں کو کوئی پریشانی ہو مجھ سے کہہ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ بیس سال پرانے ڈرامے اور فلمیں دیکھیں ان میں ایک پیغام تھا، اور وہ پیغام اس ملک کے نوجوانوں کے لیے تھا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ میں ان کا بہت بڑا فین ہوں، یہ بہت خوددار فیملی ہے، انہوں نے اپنی زندگی میں سب سے بڑا تحفہ جو دیا وہ اولاد کی اچھی تربیت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں طلعت حسین لیجنڈ تھے، صاحب اختیار اور صاحب ثروت لوگ فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی طرف توجہ دیں۔

میڈیا کی جانب سے کئے گئے ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ دہشت گردی کی مذمت کرنی چاہیے، افواج پاکستان کے جو کیپٹن شہید ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں اور جنرل عاصم منیر سے بھی تعزیت کرتا ہوں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ افواج پاکستان ہماری سرحدوں کی حفاظت میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب جب پاکستان میں انویسٹمنٹ لانے کی بات ہوتی ہے تو حالات کو خراب کیا جاتا ہے۔ طلعت حسین کے صاحبزادے اشعر حسین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اندازہ تھا کہ میرے والد محترم بڑی شخصیت تھے، آج آپ لوگوں کا پیار دیکھ کر اندازہ ہوا، میری آپ سے درخواست ہے کہ لوگ آرٹسٹ کو بھول جاتے ہیں، لیکن آپ انہیں بھولیے گا نہیں۔