اسلام آباد میں 3 امریکی شہریوں سے گن پوائنٹ پر 8 لاکھ کے موبائل فون اور نقدی لوٹ لی گئی

غیرملکیوں کو موٹر سائیکل پر سوار 3 مسلح ڈاکوؤں نے لوٹا، وفاقی پولیس نے ڈکیتی کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 27 مئی 2024 16:43

اسلام آباد میں 3 امریکی شہریوں سے گن پوائنٹ پر 8 لاکھ کے موبائل فون اور ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی 2024ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 3 امریکی شہریوں سے گن پوائنٹ پر 8 لاکھ کے موبائل فون اور نقدی لوٹ لی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق غیرملکیوں سے ڈکیتی کی یہ واردات اسلام آباد کے علاقہ آئی 8 مرکز کے قریب ہوئی جہاں ملزمان نے 3 امریکی شہریوں سے گن پوائنٹ پر 8 لاکھ کے موبائل فون اور نقدی لوٹ لی، امریکی شہریوں کو موٹر سائیکل پر سوار 3 مسلح ڈاکوؤں نے لوٹا، وفاقی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم اسلام آباد پولیس تاحال ڈاکوؤں کا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔

ایسی ہی ایک اور واردات میں اسلام آباد میں 2 ملزمان نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے ایک غیرملکی کو لوٹ لیا، یہ واقعہ اسلام آباد کے سیکٹر ایف 6 سپر مارکیٹ میں پیش آیا جہاں پولینڈ کا شہری آرتھر گوملکا اتوار کی شام 6 بجے ہوٹل سے واک کے لیے آیا تو وہاں سے واپس جاتے ہوئے 2 کار سواروں نے اسے روک لیا، کار سواروں نے اپنا تعارف بطور پولیس افسران کروایا اور کار سواروں نے شہری سے بیک پیک چیک کروانے کا کہا، اس دوران ملزمان نے غیرملکی شہری کا والٹ نکال لیا اور فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے غیر ملکی شہری آرتھر گوملکا نے بتایا کہ ’میرے والٹ میں 700 یورو، 700 ڈالر اور 100 روپے تھے، ملزمان نے میرے پاس موجود تمام نقدی لوٹ لی‘، بعد ازاں تھانہ کوہسار پولیس نے غیر ملکی شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردیں۔ گزشہ ماہ اسلام آباد کے تھانہ گولڑہ کی حدود میں ہائیکنگ ٹریل پر بھی غیرملکیوں کے ساتھ ڈکیتی کی بڑی ورادت ہوئی تھی، جہاں ڈاکوؤں نے غیر ملکیوں سمیت 6 شہریوں کو 6 گھنٹے تک اغواء کیے رکھا، ملزمان اغواء کے دوران شہریوں پر تشدد کرتے رہے، غیر ملکیوں سمیت متاثر شہریوں سے آئی فون قیمتی گھڑیاں، جیولری اور نقدی چھین لی گئی، ملزمان نے اغواء کیے گئے دو شہریوں کو اے ٹی ایم سے کیش لانے کے لیے بھی بھیجا اور کیش نہ لانے کی صورت میں دیگر مغوی شہریوں کو قتل کرنے کی دھمکی دی گئی۔